پشاورہائیکورٹ :علی امین گنڈاپور کی 3 ہفتوں کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تین ہفتوں کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی۔

یہ فیصلہ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد سنایا۔

سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف اسلام آباد میں 48 مقدمات درج ہیں، اور بار بار پیشی سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

اس پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس میں وزیراعلیٰ کو حاضری سے استثنیٰ دے رہی ہے، اور اگلی سماعت پر دیگر فریقین اپنی رپورٹ اور وکلاء کے ساتھ پیش ہوں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تین ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Back to top button