بھارتی شرمناک حملے کے بعد پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند

پاکستان پر بھارت کے حملے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھرمیں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے پولیس، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ اور آج صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے اور اس سرزمین پر آج رات بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے۔ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کےساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، کامیابی ان شاءاللہ ہمارا مقدر ہو گی۔ نعرہ تکبیر، اللّٰہ اکبر، پاکستان زندہ باد ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر آج بدھ کو صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔