مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الٰہی سمیت دیگر پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

 

پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

عدالت نے تمام ملزمان کو 6 نومبر کو آئندہ پیشی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شریک ملزمان کی بریّت کی درخواستوں پر دلائل بھی اسی تاریخ کو طلب کیے گئے ہیں۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے کے مطابق، پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست پر پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی گزشتہ سماعت پر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے، حالانکہ کیس میں تاحال فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔

عدالت نے مزید بتایا کہ پراسیکیوشن نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کے لیے مہلت طلب کی، جسے منظور کر لیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر پراسیکیوشن اپنے دلائل مکمل کرے۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سماعت 6 نومبر 2025 تک ملتوی کر دی۔

Back to top button