ن لیگ سے اتحاد محبت کا نہیں مجبوری کا رشتہ ہے : گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مسلم لیگ (ن) سے اپنی جماعت پیپلز پارٹی کے اتحاد کو مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محبت کا نہیں مجبوری کا رشتہ ہے، ملک کی بہتری کےلیے اپنا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر انداز میں چل رہے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو غصہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا اتحاد دراصل مجبوری کا الائنس ہے، کیوں کہ دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ یہ محبت کا نہیں بلکہ مجبوری کا رشتہ ہے، لیکن ہم ملک کی خاطر اپنے سیاسی نقصان برداشت کرنے کو تیار ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو اپنے حقوق کے حصول کےلیے سیاسی طریقہ اپنانا ہوگا۔ شہباز شریف اسی ملک کے وزیر اعظم ہیں،لہٰذا ان سے بہتر تعلقات قائم کیےجائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔صوبے کے مفاد کےلیے وفاق سے اچھے ورکنگ ریلیشن رکھنا ناگزیر ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ماضی میں نہری معاملات پر صوبوں میں تلخی پیدا ہوئی،تاہم صوبے کی ترقی اور امن کے راستے میں گورنر ہاؤس کبھی رکاوٹ نہیں بنے گا۔
