پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات فی لیٹر 26 روپے 77 پیسے مہنگی ہو گئی ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے اگلے 7 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 33 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حکومت کے مطابق ان نئی قیمتوں کا اطلاق 25 اپریل سے یکم مئی تک ہوگا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کے دباؤ اور بین الاقوامی معاہدوں کے باعث حکومت کو قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے حتیٰ الامکان عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کیا، تاہم موجودہ حالات میں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ماضی میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی، اور امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد استحکام آئے گا تاکہ عوام کو دوبارہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
