انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی وکلا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد وکلا کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے متعلقہ کیسز کی سماعت کے دوران تھانہ رمنا میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد وکلا کے خلاف یہ حکم جاری کیا۔
وارنٹ گرفتاری جن وکلا کے خلاف جاری کیے گئے ہیں ان میں نعیم حیدر پنجوتھا، فتح اللہ برکی، انصر کیانی اور علی اعجاز بٹر شامل ہیں۔ عدالت نے ان تمام ملزمان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔
عدالت نے احکامات دیے ہیں کہ نامزد وکلا کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
مزید برآں، سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف عدت کے دوران نکاح سے متعلق مقدمے کی کارروائی میں خاور مانیکا پر مبینہ تشدد کا کیس بھی زیرِ بحث آیا۔
