سندھ،اسلام آباد،پشاورہائیکورٹس کیلئے نئے ایڈیشنل ججز کی منظوری

جوڈیشل کمیشن نےسندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائی کورٹس کے ججز سمیت اہم تقرریوں، توسیعات اور کنفرمیشن سے متعلق سفارشات منظور کرلیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت سپریم کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل کمیشن کااجلاس ہوا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس خالد حسین شاہانی کی بطور ایڈیشنل جج سندھ ہائی کورٹ مدتِ تعیناتی میں مزید 6 ماہ توسیع کی سفارش کی جب کہ جسٹس سید فیاض الحسن شاہ کو مستقل جج بنانے کی سفارش نہیں کی گئی۔
کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں مزید 3 ماہ توسیع کی بھی سفارش منظور کی۔
علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ کے لیے 3 نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش کرتے ہوئے محمد ہمایوں خان، سریش کمار اور ڈاکٹر شاہ نواز میمن کو نامزد کیا گیا جب کہ دو نشستیں مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کے باعث خالی رہ گئیں۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ثابت اللہ خان، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس اورنگزیب اور جسٹس فرح جمشید کو پشاور ہائیکورٹ کا مستقل جج بنانے کی منظوری دی۔
اجلاس میں چاروں ایڈیشنل ججز کی مستقلی کی منظوری کے بعد ان کی تقرری سے متعلق آئینی اور قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
