یوم عاشور: ملک بھر میں جلوسوں کا انعقاد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور اُن کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں آج یومِ عاشور کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو شام کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے نشتر پارک سے روانہ ہوا، جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں، کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے نکالا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو چکے ہیں۔ پشاور میں شب عاشور کے موقع پر کل 16 جلوس نکالے گئے، جو بخیر و خوبی مکمل ہوئے۔

روہڑی میں نو محرم کا تاریخی "نو ڈھال” جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا میدان پہنچ گیا۔ عزادارانِ امام حسینؓ شب بھر کربلا میدان میں قیام کریں گے، جب کہ آج نمازِ ظہرین کے بعد شہداء قبرستان کی جانب روانہ ہوں گے۔

ادھر ملتان میں صبح 11 بجے "استاد شاگرد” کے قدیمی تعزیے سمیت 25 سے زائد جلوس برآمد ہوں گے۔ گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستانِ معرفت سے نکالا جائے گا۔

خیبرپختونخواسینیٹ الیکشن،جےیوآئی کےامیدواروں کااعلان

مٹھی میں عاشورہ کا جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا، جبکہ میرپور آزاد کشمیر میں مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ بیت الحزن سے روانہ ہوگا۔

تمام جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور متعدد علاقوں میں موبائل سروس معطل ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

Back to top button