ایشیا کپ: پاکستان میچ میں بی سی سی آئی حکام کا دبئی نہ جانے کا فیصلہ

ایشیا کپ کے میزبان ہونے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ عہدیداران پاک بھارت میچ کے دوران دبئی میں نظر نہیں آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے خلاف میچ کی بائیکاٹ مہم کے باعث بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی اعلیٰ اہلکار کو اس میچ کے لیے دبئی نہیں بھیجا جائے گا۔ زیادہ تر عہدیداران نے میچ سے خود کو دور رکھا ہے اور اس پالیسی کو میڈیا نے "خاموش بائیکاٹ” قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی بورڈ کے اعلیٰ حکام اور اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے تھے، تاہم اس بار آئی سی سی چیئرمین جے شاہ امریکا میں ایک اجلاس میں شریک ہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں کو وجہ بنا کر دبئی جانے سے انکار کیا، جبکہ آئی پی ایل چیئرمین ارون دھمال نے بھی اسٹیڈیم نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کے نائب صدر اور اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے رکن راجیو شکلا صرف بھارت کی جیت کی صورت میں منظر عام پر آ سکتے ہیں۔ دیگر عہدیداران کی شرکت بھی ممکنہ فتح سے مشروط بتائی جا رہی ہے۔

Back to top button