ایشیاکپ : پاک-بھارت میچ کے لیے دوبارہ متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ تعینات

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا ہونے جا رہا ہے، تاہم میچ سے قبل ایک بار پھر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو دوبارہ پاک-بھارت میچ کے لیے ریفری تعینات کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 14 ستمبر کو ہونے والے میچ میں بھی اینڈی پائیکرافٹ کے فیصلے اور رویے پر پاکستان نے شدید تحفظات ظاہر کیے تھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک موٹی ویشنل اسپیکر کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں قومی ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور پریکٹس کی ہے اور میچ کے لیے ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاٹ بالز کم کرنے اور اسٹرائیک روٹیشن پر زور دینے کی ہدایت دی۔ بیٹسمینوں نے بھی اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم اب تک ایشیا کپ میں ناقابل شکست رہی ہے جبکہ پاکستان کو واحد شکست بھارت کے ہاتھوں ہوئی ہے۔
میچ کی ٹکٹس کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، سب سے کم ٹکٹ کی قیمت 350 درہم (تقریباً 27 ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے پاک-بھارت میچ میں ’نو ہینڈ شیک‘ تنازع سامنے آیا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے اس مطالبے کو مسترد کردیا تھا۔
