وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بیٹی کو سروائیکل کینسر ویکسین لگوا دی

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کراچی میں اپنی بیٹی کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوا دی۔
کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ یہ ویکسین بڑی مشکل سے پاکستان لائی گئی ہے لیکن بدقسمتی سے اس پر منفی پروپیگنڈا اور فتوے لگائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا 191واں ملک ہے جہاں یہ ویکسین لگائی جا رہی ہے، جبکہ بیشتر اسلامی ممالک میں بھی یہ ویکسین کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گمراہ کن افواہوں کے باعث والدین اپنی بچیوں کو ویکسین نہ لگوائیں تو یہ بہت بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہر بچی کی جان قیمتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا صحت کا نظام علاج معالجے کے بوجھ کو سہہ نہیں سکتا، ہمیں بیماریوں سے بچاؤ پر زور دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت ویکسی نیشن کرائی گئی تو آئندہ 10 سالوں میں خواتین کی بڑی تعداد سروائیکل کینسر سے محفوظ رہے گی۔
یاد رہے کہ 15 ستمبر کو اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول میں پہلی بار بچی کو یہ ویکسین لگانے کے ساتھ ہی پاکستان میں ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا۔ مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی ایک کروڑ 30 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
