حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کےلیے ریڈ لائن ہے : احسن اقبال

 

 

 

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ایک سنگ میل ہے، حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کےلیے ریڈ لائن ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارک باد دیتا ہوں۔

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کےلیے ریڈ لائن ہے، یہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ خطے کے ممالک کی سلامتی کو مد نظر رکھ کر کیاگیا ہے۔ معاہدہ پاکستان کےلیے ایک مضبوط اقتصادی و معاشی تعاون کی بنیاد بھی بنےگا۔

 

رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کو اب بیرونی محاذوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، لیکن ترقی کے سفر میں ہمیں اپنی مصنوعات کو عالمی معیار کےمطابق ڈھالنا ہوگا۔جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری ناگزیر ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے نشاندہی کی کہ ہر سال کے سیلابی خطرات سے بچاؤ کےلیے طویل المدتی حکمتِ عملی وضع کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق پاور سیکٹر کی بہتری کی کنجی بیوروکریسی کے پاس نہیں بلکہ انجینئرز کے پاس ہے، اور پاکستان کو نئے عزم کے ساتھ ترقی کی پرواز بھرنی ہوگی تاکہ وہ خطے کے ترقی یافتہ ممالک سے آگے نکل سکے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی انتشار اور اندرونی اختلافات نے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں، لیکن اب ملک میں سیاسی عدم استحکام اور انتشار کےلیے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔اگر ملک میں بدامنی ہوگی تو بیرونی سرمایہ کاری کا آنا ممکن نہیں ہوگا۔

 

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے نقصانات کا تخمینہ لگارہی ہیں اور وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

 

Back to top button