کسی کو جہاد کے اعلان کا حق نہیں، جو شوقین ہوں وہ فوج میں شامل ہوں ، طاہر اشرفی

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی گروہ، فرد یا جتھے کو خود سرانہ طور پر جہاد کا اعلان کرنے کا حق نہیں ہے اور جو لوگ جہاد کے شوقین ہیں وہ فوج میں شمولیت اختیار کریں۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہبی رواداری کا عملی ثبوت دیتے ہوئے اپنے رویے تبدیل کرنے ہوں گے اور اسلام میں غیر مسلموں کی جان و مال کے تحفظ کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو اہم قرار دیا اور کہا کہ حرمینِ شریفین کی حفاظت پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اقلیتوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو مسلمانوں کو حاصل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل "جہاد” کے تصورات کو مسخ کیا جا رہا ہے، اس لیے جو لوگ واقعی اس جذبے کو عملی بنانا چاہتے ہیں وہ فوج میں شامل ہوں تاکہ ریاستی کنٹرول اور قانونی دائرے میں رہ کر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا: "ہم نے پیغامِ پاکستان کو عملی شکل میں لانا ہے۔”
