بلوچستان،کوئلہ کان میں گیس دھماکا، 11کان کن جاں بحق

بلوچستان کے علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کان بیٹھ گئی جس کے باعث 11 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئلے کی کان میں  20 سے زائد مزدور تاحال کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جن کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق واقعہ سورینج کے علاقے سپین کاریز میں پیش آیا جہاں گیس دھماکے کے بعد کان کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

امدادی ٹیمیں کان کے اندر پھنسے مزدوروں تک رسائی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں اور اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چیف انسپکٹر آف مائنز اور پی ڈی ایم اے کے حکام فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

Back to top button