2.2ارب ڈالرکےقرضوں کی ادائیگی کردی ،گورنرسٹیٹ بینک

گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمدنے کہا ہے کہ رواں ماہ چین کے 1.4 ارب ڈالر قرض سمیت 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا حجم 26.5 ارب ڈالر سے کم ہو کر 21.5ارب ڈالر رہ گیا، 3.5 ارب ڈالر صرف سود ادا کیا جائے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک نے کہاکہ رواں برس قرض ادائیگی کا  دباؤ کم کرنے اور زرمبادلہ بڑھانے کی حکمت عملی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب و چین کے 12 ارب ڈالر کا رول اوور درکار ہوگا، پاکستان نے چین کو 1.4 ارب ڈالر کا کمرشل قرض واپس کر دیا ہے، تاہم چینی بینکوں کی جانب سے اس قرض کی ابھی تک دوبارہ فنانسنگ نہیں کی گئی البتہ یہ رقم چند ہفتوں کی تاخیر سے اسلام آباد کو دوبارہ فراہم کر دی جائے گی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمدنے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران مرکزی بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے 28 ارب ڈالر خریدے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جولائی 2026 میں 2.2 ارب ڈالر کی بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی ہے، جس میں چین کے 1.4 ارب ڈالر کے کمرشل قرض کی واپسی اور باقی 80 کروڑ ڈالر دیگر قرضوں کی ادائیگی کی مد میں شامل ہیں۔

Back to top button