خضدار،سیکیورٹی فورسزکا آپریشن،بارود سے بھری 2 گاڑیاں تباہ، 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نےکامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں ،4 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہ فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیوں (ویہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، جبکہ انہیں چلانے والے بھارت کے حمایت یافتہ 4 دہشتگرد بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کو تلاش کرکے ختم کیا جا سکے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ عزم استحکام کے وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
