وزیرخارجہ بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد کشمیر میں موجود ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے منگل کو جلسہ عام بھی ہوگا۔
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس2 بجے ہوگا،اجلاس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری بھی خطاب کریں گے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے،مقبوضہ خطے میں جی 20 اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،ایک کانفرنس کے انعقاد سے کشمیر کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی اقدام سے اس کی اصل شکل سامنے آئے گی۔
