براڈ پیک سانحہ،4 کوہ پیماؤں کی لاشیں بیس کیمپ پہنچا دی گئیں

براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے معروف کوہ پیما نرمل پرجا اور ان کے 3 ساتھیوں کی لاشیں ریسکیو ٹیم نے پہاڑ کے بیس کیمپ پہنچا دی ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق 30 جولائی کو براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے نرمل پرجا کی قیادت میں 10 رکنی بین الاقوامی مہم جو ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ بعد ازاں ٹیم نے تمام کوہ پیماؤں کے زندہ بچنے کی امید ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
الپائن کلب آف پاکستان نے بتایا کہ ریکوری آپریشن کے بعد نرمل پرجا، چینی کوہ پیما ژونگ وانگ اور نیما شیرپا سمیت کیلو شیرپا کی لاشیں کامیابی سے نکال لی گئی ہیں اور انہیں بحفاظت بیس کیمپ منتقل کردیا گیا ہے۔
کلب کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے مزید 3 کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اس سے قبل ٹیم کے 3 دیگر ارکان، جن میں ایک امریکی خاتون، ایک عمانی خاتون اور ایک نیپالی کوہ پیما شامل تھے، کی لاشیں سکردو منتقل کی جاچکی ہیں، جبکہ 2 نیپالی اور ایک پاکستانی کوہ پیما کی لاشیں تاحال برآمد نہیں ہوسکیں۔
براڈ پیک قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کا 12واں بلند ترین پہاڑ ہے، جو 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں میں مشکل ترین کوہ پیمائی کے مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
