بشریٰ انصاری کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اب ان کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز ہے۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں والدہ کی بیماری سے متعلق بتایا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں والدہ کے ساتھ سنبل شاہد کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میری پیاری بہن سنبل شاہد اور والدہ محمودہ بشیر دونوں بیمار ہیں۔ بشریٰ انصاری نے لکھا کہ انہیں اس حالت میں دیکھنا بہت مشکل اور تکلیف دہ ہے، اللہ رحم کرے۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد میں کورونا کی تشخیص سے متعلق بتایا تھا۔ بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں۔انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کےلیے دعا کریں۔ بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا تھا کہ ‘چار چاند سلامت رہیں آمین’۔ بعدازاں اسما عباس نے 22 اپریل کو انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔ اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کےلیے دعا کریں۔ اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔ جس کے بعد بشریٰ انصاری نے کورونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل شاہد کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں۔ بشریٰ انصاری نے مزید لکھا کہ جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کےلیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button