گوادر پورٹ آپریشنلائزیشن پلان کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل

وفاقی کابینہ نے گوادر پورٹ آپریشنلائزیشن پلان کو حتمی شکل دینے کیلئےکابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔
حکومت نے گوادر پورٹ آپریشنلائزیشن منصوبہ کوفائنل کرنےسے متعلق اہم فیصلہ کرلیا،کمیٹی کنوینر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں 13 رکنی ممبران پر مشتمل ہے، جو30 دن کےاندراپنی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔
کمیٹی ممبران میں وزیر دفاع، وزیر بحری امور، وزیر کامرس اور وزیر مواصلات شامل ہیں، اس کے علاوہ سیکریٹری بحری امور، سیکریٹری خارجہ امور، سیکریٹری کامرس، سیکریٹری ریلوے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، اسی طرح کمیٹی میں ڈی جی این ایل سی، چیئرمین این ایچ اے، چیئرمین ایف بی آر بھی شامل ہیں جبکہ وزارت بحری امور کمیٹی کو سیکرٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔
کمیٹی گوادر پورٹ کے آپریشنلائزیشن میں رکاوٹ پیدا کرنے والے متعدد مسائل کا جائزہ لے گی، کمیٹی اندرون ملک رابطہ کی کمی، ناکافی مالی مراعات اور سیکیورٹی کی نازک صورتحال کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی مسائل کو حل کرنے کے لیے قابل عمل اقدامات کے ساتھ پلان کو حتمی شکل دینے کے علاوہ اسلام آباد میں گوادر پورٹ سے متعلق آگاہی کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔