چین نےتیز ترین ٹرین متعارف کرادی

چین نےدنیا کی تیز ترین ٹرین کا پروٹوٹائپ ماڈل متعارف کرایا ہے۔

سی آر450 نامی اس ٹرین کو بیجنگ میں29 دسمبر کو متعارف کرایا گیا تھا جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار281 میل فی گھنٹہ ہوگی۔

چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کےمطابق اس ٹرین کو ٹریک پر 248.5 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایاجائےگا۔جب یہ کمرشل سروس کے لیے دستیاب ہوگی تو یہ دنیا کی تیز ترین ٹرین ثابت ہوگی اور چین کی ہی سی آر400 ٹرین کو پیچھے چھوڑ دےگی۔

سی آر 400 کو 2017 میں متعارف کرایاگیا تھا اور یہ217 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی ٹرین ہے۔سی آر آر سی چینگ چون ریلوے وہیکلزاورسی آر آر سی سیفانک کو لمیٹڈ نے سی آر 450 کو تیار کیا ہے۔ان اداروں نےاس کی آپریشنل اسپیڈ، توانائی کی بچت، کنٹرول، بریکنگ پرفارمنس اورکم آوازجیسے پہلوؤں کو سراہا ہے۔

اب تک اس ٹرین کے ہزاروں ٹیسٹ کیےجاچکےہیں تاکہ اس کی کارکردگی کے ہر پہلو کی جانچ ہوسکے۔مگراب بھی اس کےمزید ٹیسٹ کیے جائیں گے اور کمرشل آپریشنز کے تمام معیار پورا کرنےکیلئےتبدیلیاں کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دہائی کےدوران چین تیز ترین ٹرینوں کی تیاری میں عالمی قائد بن چکا ہے۔

وہاں ہزاروں کلومیٹر طویل نئےٹرین ٹریک تعمیر کیے گئے ہیں اور چین کے لگ بھگ ہر کونے میں ٹرینوں سےپہنچنا ممکن ہو چکا ہے۔

ابھی چین کے ریلوےٹریک کی لمبائی ایک لاکھ 60 ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے جس میں سے46 ہزار کلومیٹر سے زائد ٹریک تیزترین ٹرینوں کیلئےہے۔

Back to top button