آبی گزرگاہوں پرتعمیرات ہوں گی توپانی بپھرےگا،خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ہوں گی تو پانی کا بپھرنا ناگزیر ہے۔
خواجہ آصف کانجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کی بدنیتی اپنی جگہ لیکن جتنا پانی آیا ہے اسے روکنا کسی کے اختیار میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ہوں گی تو پانی کا بپھرنا ناگزیر ہے، یہ کسی بھی ملک میں حکومت کی ناکامی سمجھی جاتی ہے۔
وزیردفاع کاکہنا ہے کہ بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایسی تعمیرات کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ نقشے تیار ہو چکے ہیں اور حکومت تجاوزات کے خاتمے کی کوشش کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قدرتی نظام میں مداخلت کا خمیازہ کسی ایک ملک کو نہیں بلکہ سب کو بھگتنا پڑتا ہے۔ سب کو سوچنا ہوگا کہ کب وہ وقت آئے گا جب عوام کے وسائل مکمل طور پر ان پر خرچ ہوں گے۔ وزیرِ اعظم اور پنجاب حکومت کا اولین ایجنڈا یہ ہے کہ سرکاری پیسہ سو فیصد ملکی ترقی کے لیے استعمال ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت کہا جاتا تھا کہ راوی نالہ بن جائے گا مگر آج وہی راوی پانی سے لبریز ہے۔ آبی گزرگاہوں میں ہاؤسنگ منصوبے ناقابلِ برداشت ہیں جبکہ رہائشی کالونیوں کے لیے وسیع زمین دستیاب ہے۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پانی کا ریلا ابھی آ رہا ہے اور قادر آباد و خانکی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران پی ٹی آئی قیادت کے بیانات ذاتی ایجنڈے سے آگے نہیں بڑھتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت سے جنگ بھی ہوئی مگر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی قومی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ ان کے ارکانِ اسمبلی بھی اپنی قیادت سے نالاں ہیں کیونکہ بانی پی ٹی آئی صرف اپنے اقتدار کے کھیل میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جلاوطنی اور قید میں بھی کبھی اپنی پارٹی کو مذاکرات سے نہیں روکا، جبکہ پی ٹی آئی کی سیاست مکمل طور پر ذاتی مقاصد کی تابع ہوچکی ہے۔ دنیا میں فراڈی اسی لیے زندہ رہتے ہیں کہ انہیں وہ لوگ میسر آ جاتے ہیں جو آسانی سے ان کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔
