شکست خوردہ امریکہ ایرانی معیشت کو نشانہ بنا رہا ہے: مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن فوجی میدان میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور اب اس کی پوری توجہ ایران کی معاشی طاقت کو نقصان پہنچانے پر مرکوز ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تہران چیمبر آف کامرس کے ارکان سے ملاقات کے دوران صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ موجودہ وقت میں ایران کے لیے سب سے اہم اور بڑا محاذ اقتصادی جنگ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن اب براہِ راست عسکری محاذ کے بجائے ایرانی عوام کے روزگار، کاروبار اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا جا سکے۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ نجی شعبے کا فعال، مضبوط اور متحرک ہونا ملکی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق جتنا زیادہ نجی شعبہ ترقی کرے گا، اتنی ہی ایران کی معاشی بنیاد مضبوط ہوگی اور بیرونی دباؤ، پابندیوں اور خطرات کے مقابلے میں قومی طاقت میں اضافہ ہوگا۔

ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، مضبوط معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ہی دشمن کی اقتصادی حکمتِ عملی کا مؤثر جواب ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کے دباؤ کے باوجود اپنی معاشی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع جاری رکھے گا۔

Back to top button