فیلڈ مارشل نے ملک دشمن دہشتگردوں کو آخری وارننگ دے دی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر قائم اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے ہمراہ نمازِ عید ادا کی، جبکہ اس موقع پر پاکستان کے امن، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع میں مصروف جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر انسانی اور سفاکانہ حملے نہ تو افواجِ پاکستان کے عزم کو کمزور کر سکتے ہیں اور نہ ہی قوم کے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے تمام سہولت کاروں اور عناصر کے خلاف پوری قوت اور عزم کے ساتھ آپریشن جاری رکھا جائے گا، اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
