اسلام آباد ہائی کورٹ : ڈی پورٹ افراد کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا غیر قانونی قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک سے اوورسٹے پر ڈی پورٹ ہونے پر افراد کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں نام شامل کرنے کا اقدام غیرقانونی قراردیتے ہوئےدرخواست گزار شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دےدیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کےجسٹس محمد آصف نےبیرون ملک سفری پابندیوں کے کیس میں تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دےدیا۔
فیصلے کے مطابق محض ویزہ اوورسٹے کی بنیاد پر بیرونِ ملک سے ڈی پورٹ ہونا سفری پابندی کا جواز نہیں،سفری پابندی کےلیے کسی جرم،سکیورٹی خدشے یا ناقابل تردید ثبوت کا وجود ضروری ہے۔
فیصلے میں کہاگیا ہےکہ بغیر جرم شہری کے بیرون ملک سفر اور روزگار کے آئینی حق پر پابندی لگانےکا جواز نہیں،سفری پابندی کا اقدام آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10-A، 15، 18 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔
ہائی کورٹ نے کہاکہ شہری کا نام اس طرح سفری پابندی لسٹ میں رکھنا،آئین کے بنیادی حقوق اور قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے۔
بجٹ پر مشاورت : سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات کےلیے ہائیکورٹ سے رجوع
عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت نے بتایا کہ خلیجی ملک میں اوورسٹے کی وجہ سے شہری ڈی پورٹ ہوا اور وفاقی حکومت کا موقف ہےپالیسی کے تحت شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیاگیا۔
فیصلے میں کہاگیاکہ وفاقی حکومت کےمطابق دوسرے شہریوں کے ویزوں کے تحفظ اور ملک کے وقار کےلیے یہ اقدام کیاگیا۔
