قازقستان کے نائب وزیراعظم مراد نرتلیو اسلام آباد پہنچ گئے

قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نرتلیو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں ایڈیشنل سیکریٹری برائے مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی سمیت اعلیٰ حکومتی حکام موجود تھے۔
مراد نرتلیو کا یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، باہمی تعاون کو فروغ دینے، اور مختلف شعبوں میں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر جامع بات چیت متوقع ہے۔ باہمی مذاکرات میں علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے، اور اس دورے کو ان تعلقات کو مزید گہرائی اور وسعت دینے کا ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔
