پاکستان اور بنگلا دیش کوباہمی تعلقات کومضبوط کرناہوگا،نوازشریف

مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف کاکہنا ہے کہ اب پاکستان اور بنگلا دیش کوباہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنےکاوقت ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بنگلا دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بنگلا دیش میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے لیے 500 نئی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا گیا۔
نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل آج بھی بنگلا دیشی بھائیوں کی محبت سے لبریز ہیں۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی قربت کو فروغ دینے کا بہترین وقت ہے۔ بنگلا دیش نے معاشی ترقی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کا تعلق محض جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ یہ رشتہ نسل در نسل بھائی چارے پر استوار ہے۔ تجارت اور براہ راست روابط عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بنگلا دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہاں ہے۔ ہم فلڈ مینجمنٹ اور زرعی پائیداری جیسے شعبوں میں شراکت داری کو بھی خوش آئند سمجھتے ہیں۔ خطے میں امن و ترقی کے لیے یہ دوطرفہ تعاون دیرپا شراکت داری میں تبدیل ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر خالد حسین نے نواز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کے عوام ایٹمی دھماکا کرنے پر نواز شریف کو ایک عظیم ہیرو کے طور پر دیکھتے ہیں۔ بنگلا دیش ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔
