افغانستان میں تباہ کن زلزلہ،اموات کی تعداد800تک پہنچ گئی

مشرقی افغانستان گزشتہ رات آنے والے زلزلے سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 800 تک جا پہنچی ہے جبکہ 2800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ترجمان افغان حکومت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر 6.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے صرف 20 منٹ بعد اسی صوبے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں اور گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر تھی۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تباہی صوبہ کنڑ میں ہوئی جہاں سیکڑوں افراد لقمۂ اجل بنے، ہزاروں زخمی ہوئے جبکہ متعدد شہری اب بھی ملبے تلے دبے ہیں، جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم وہاں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق رات 12 بجکر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے، جن کی گہرائی 15 کلومیٹر اور مرکز جنوب مشرقی افغانستان تھا۔
