کیا کپتان نے آرمی چیف کو توسیع کی پیشکش کر دی؟

معروف صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کہ حکومتی حلقے سرگوشیاں کر رہے ہیں کہ ہم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع کی پیشکش کر دی ہے اور ہماری ان سے ڈیل بھی ہو چکی لہذا اب معاملہ طے ہو جائے گا۔

چینل 24 کے پروگرام میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اسلام آباد میں کئی حکومتی وزرا ہر جگہ بیٹھ کر ایسی سرگوشیاں کر رہے ہیں کہ پہلے ہمارے حالات بگڑے ہوئے تھے، ہم پریشان بھی تھے، وزیراعظم نے خود بھی کہہ دیا تھا کہ اگلے 3 مہینے اہم ہیں، لیکن اس کے بعد ہم نے آرمی چیف کو ایکسٹنشن کی آفر کر دی اور ہماری ڈیل ہوگئی، اب سارا معاملہ حل ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نومبر 2022 میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کون نیا آرمی چیف لگانا چاہتے تھے۔ دوسری طرف یہ نیت بھی تھی کہ جنرل قمر باجوہ بھی ایک مرتبہ پھر اپنے عہدے کی معیاد میں توسیع کے متمنی ہیں۔

تاہم عمران خان کے قریبی حلقوں کا دعوی تھا کہ وہ اس مرتبہ جنرل باجوہ کو توسیع دینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ لیکن پھر معاملات بدلنا شروع ہو گئے اور نواز شریف کے ساتھ فوج کے مذاکرات اور عمران خان کے گھر بھیجے جانے کی افواہوں میں تیزی آ گئی۔ اسی دوران الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ بارے اپنی ہوش ربا رپورٹ بھی پیش کر دی جس کے بعد عمران خان اور بھی پریشانی کا شکار ہوگئے تھے۔

مجھے کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے

تاہم اب نجم سیٹھی نے بتایا ہے کہ حکومتی وزراء پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ ہمارے حالات بگڑے ہوئے تھے ، ہم پریشان بھی تھے، عمران خان نے کہا تھا کہ اگلے 3 مہینے بہت اہم ہیں۔ انہیں یہ بھی پریشانی تھی کہ کیا منی بجٹ پاس ہو بھی پائے گا یا نہیں۔ مگر اب بل بھی پاس ہوگیا، ڈی جی آئی ایس آئی کی طرف سے عمران خان کو ملاقات کی دعوت بھی آ گئی جہاں آرمی چیف اور وزیراعظم کی ون آن ون میٹنگ بھی ہوئی۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ اس کے ملاقات کے بعد وزرا ہمیں بتا رہے ہیں اور ہر جگہ بیٹھ کر سرگوشیاں کر رہے ہیں کہ ہم نے آرمی چیف کو ایکسٹنشن آفر کر دی ہے، اب معاملہ طے ہو جائے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ لوگ آرمی چیف کے بارے میں اس طرح باتیں کر رہے ہیں جیسے سارا معاملہ آرمی چیف کی ایکسٹنشن پر رکا ہوا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ باتیں چھپی نہیں رہتیں، اگر یہ پروپیگنڈا ہم تک آرہا ہے تو آگے بھی ضرور جا رہا ہوگا۔ تاہم نجم سیٹھی نے یہ نہیں بتایا کہ حکومتی وزراء ایکسٹینشن کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ آیا یہ آفر قبول کرلی گئی ہے اور عمران خان ایکسٹینشن دینے جا رہے ہیں، یا کہ کپتان بلف کھیلنے جا رہے ہیں؟

Back to top button