ڈالر 20 سے 25 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ کیوں پیدا ہوا؟

کپتان حکومت کی جانب سے منی ایکسچینج کمپنیز پر ود ہولڈںگ ٹیکس عائد کرنے کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر 20 سے 25 روپے تک مزید مہنگا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ کرنسی کے تبادلے کا کاروبار کرنے والی کمپنیز نے حکومت کی جانب سے خود پر لگائے گے ٹیکس کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔منی ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگر منی چینجرز کو وِد ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کے بھیجے گئے بلز واپس نہ لیے گئے تو ڈالر مزید مہنگا ہو سکتا ہے کیونکہ ٹیکس کا بوجھ صارفین پر منتقل ہو جائے گا۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے منی ایکسچینج کمپنیز کو وارننگ دی ہے کہ وہ خود پر عائد کردہ اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کریں گی۔ وزیر خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اگر منی ایکسچینجرز کو ود ہولڈنگ ٹیکس پر اعتراض ہے تو ایف بی آر میں اپیل دائر کریں اور اگر وہاں شنوائی نہ ہو تو عدالتوں کا فورم استعمال کریں۔

دوسری جانب منی ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے وارننگ دی ہے کہ منی ایکسچینج کمپنیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کے بعد ڈالر 20 سے 25 روپے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔ پراچہ کے مطابق حکومت نے حال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، دراصل یہ وِد ہولڈنگ ٹیکس 2016 میں واپس لے لیا گیا تھا لیکن اب جنوری 2022 میں اچانک اربوں کے ٹیکس بلز چند منی چینجرز کو بھیج دیئے گئے ہیں جن کو واپس لینے کے لیے ایف بی آر سے بات چیت چل رہی ہے، اُمید ہے کہ ایف بی آر ان ٹیکس بلز کو واپس لے لے گا۔

وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کے مطابق معاملہ ایف بی آر اور ایکسچینج کمپنیز کے درمیان ہے اور ٹیکس لائبلٹی کا معاملہ ہے، ایکسچینج کمپنیز کا کہنا ہے کہ وہ ود ہولڈنگ ٹیکس صارفین کو منتقل کر دیں گے جس سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگا، ڈالر کی قدر ایکسچینج کمپنیز طے نہیں کرتیں، جس ادارے پر ٹیکس کی لائبلٹی ہے وہ ڈالر مہنگا بیچ لے جس پر نہیں وہ سستا بیچ لے، گاہک کو اس کے پاس سے سستا ملے گا وہ اس کے پاس جائے گا۔

غلام سرور خان کے بڑبولے پن نے پی آئی اے کو کیسے تباہ کیا؟

مزمل کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر خبریں گردش کر رہی ہیں لیکن ڈالر 20 سے 25 روپے مہنگا نہیں ہو گا کیونکہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی اپنی مرضی سے ڈالر کا ریٹ طے کرے، سٹیٹ بینک کے اس معاملے میں کردار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے قانون یا ضابطے سے ہٹ کر ڈالر کی قدر میں اضافے کی کوشش کی تو پھر سٹیٹ بینک اس معاملے کو اپنے طریقے سے دیکھے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔

پاکستان میں چند بڑے منی چینجرز نے اپنی ایسوسی ایشن کو بتایا کہ ایف بی آر نے انہیں کروڑوں روپے کے ود ہولڈنگ ٹیکس کے بلز بھیجے جو انہیں ادا کرنے ہیں، یہ بلز اتنی بڑی رقم کے ہیں کیونکہ نگراں ادارے نے انہیں 2014 سے 2021 تک کے حساب سے بھیجا ہے، ظفر پراچہ نے بتایا کہ حال ہی میں بھیجے جانے ٹیکس بلز کے بعد پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

یہ معاملہ 2010 سے چل رہا تھا لیکن 2016 میں یہ ٹیکس واپس لے لیا گیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ ڈبل ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا، یہ ٹیکس صرف پاکستان سے باہر بھیجے جانے والے ترسیلات زر (رمیٹینسز) پر لگایا گیا تھا جو منی چینجرز کو گاہکوں سے وصول کرنا تھا۔اس وقت بھی ہمارا موقف تھا کہ یہ ٹیکس ہم پر نہیں لگتا کیوںکہ دیگر ممالک سے ٹیکس سے متعلق ایک معاہدہ ہے اور ڈبل ٹیکس نہیں لگ سکتا، ایف بی آر سے بات کی ہے وہ اسے دیکھ رہے ہیں، امید ہے یہ بلز واپس ہوجائیں گے لیکن اگر واپس نہیں ہوئے تو پاکستانی روپے پر برا اثر پڑے گا اگر 16 فیصد کے حساب سے ٹیکس کے بلز بھیجے گئے ہیں تو روپے پر 25 سے 28 فیصد فرق آئے گا۔

Back to top button