گھریلوصارفین بچ گئے،صنعتوں کیلئے گیس مہنگی کرنےکی منظوری

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صنعتی شعبے کے لیے نرخ میں اضافے کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے صنعتی شعبے (کیپٹو پاور)اور غیر محفوظ گھریلو صارفین کیلئےگیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز پرغور کیا گیا۔

ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد مالی سال 25-2024 کے دوران گیس کے شعبے کیلئےمطلوبہ آمدنی کو یقینی بنانے کیلئےکیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کے نرخ 3 ہزار روپےسےبڑھا کر3 ہزار 500 روپےفی ایم ایم بی ٹی یو کر دیے گئے ہیں۔

ای سی سی نے گھریلو صارفین کیلئےگیس نرخوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ گھریلو صارفین پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔

ای سی سی نے توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئےگرڈ ٹرانزیشن لیوی نافذ کرنے کی ہدایت کی تاکہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

Back to top button