مصری ریسلر نے700ٹن وزنی جہاز دانتوں سے کھینچ لیا

مصری ریسلر اشرف محروس نےبحیرہ احمر کے سیاحتی مقام ہُرغادہ میں اپنے دانتوں سے ایک 700 ٹن وزنی جہاز کھینچ کر سب کو حیران کر دیا۔
اشرف محروس نے اس کے بعد مزید دو جہاز بھی ایک ساتھ کھینچے جن کا مجموعی وزن تقریباً 1 ہزار 150 ٹن بنتا ہے۔
ریسلرکا کہنا تھا کہ وہ اس کارنامے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کرائیں گے تاکہ تصدیق ہو سکے کہ آیا یہ موجودہ ریکارڈ، جو 2018 میں 614 ٹن وزنی جہاز کھینچنے پر قائم ہوا تھا، سے بڑا کارنامہ ہے یا نہیں۔
اشرف محروس اس سے قبل مارچ میں ایک 279 ٹن وزنی ٹرین اپنے دانتوں سے تقریباً 10 میٹر تک کھینچ چکے ہیں، جس پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کے سب سے بھاری ریل کھینچنے کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں تیز ترین 100 میٹر روڈ وہیکل پل اور سب سے بھاری لوکوموٹیو کھینچنے کے ریکارڈز پر بھی اعزازات مل چکے ہیں۔ تین سال پہلے وہ 15 ہزار 730 کلوگرام وزنی ٹرک بھی دانتوں سے کھینچ چکے ہیں۔
