پیپلزپارٹی کا وزیراعظم سے مریم نوازکی شکایت لگانےکافیصلہ

اتحادی جماعت پیپلز پارٹی پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی تنقید پر بُرا مان گئی اور وزیراعظم کو شکایت لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے واک آؤٹ کیا، بات صرف یہیں تک محدود نہیں رہی، سینیٹ میں بھی پیپلزپارٹی نے معاملہ اٹھایا، مریم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

پارلیمنٹ سے باہر پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن بھی میدان میں کود پڑے اور کہاکہ کیا آپ اپنے چچا کی حکومت ختم کرنا چاہتی ہیں؟

ایوان میں اعظم نذیر تارڑ نے مریم نواز کے بیان پر پیپلز پارٹی سے معذرت کرلی اور وضاحت دی کہ سیاست میں لفظی جنگ چلتی ہے۔

سینیٹ میں رانا ثنااللہ نے کہاکہ پنجاب کو بلاوجہ بُرا بھلا کہا جاتا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب جواب نہیں دیں گی تو کون دے گا؟پیپلزپارٹی کی تسلی نہیں ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کی لندن سے واپسی پر ان کے سامنے معاملہ رکھاجائےگا۔

پیپلزپارٹی نے اپنے تحفظات وزیراعظم شہبازشریف کےسامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

لندن سے وزیراعظم کی وطن واپسی پرپیپلزپارٹی کی قیادت ملاقات کرے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب اور وزرا کے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام پر بےجا تنقیدی بیانات سامنے رکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سیلاب متاثرین کی امداد کے مطالبات وفاق سے ہیں، پنجاب حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔

 

Back to top button