فخرزمان کی دھواں دار سنچری، لاہور نے کراچی کو ہرا دیا

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور نے کراچی کو 6 وکٹوں سے پچھاڑ دیا، فخر زمان نے شاندار سنچری سکور کر کے قلندر کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی، شرجیل نے جارحانہ انداز اپنایا اور سمیت پٹیل کو چھکا لگا کر 33 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔

اوپنرز نے کراچی کنگز کو دس اوورز میں 84 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔

بابر نے محمد نبی کیساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن افغانستان سے آئے محمد نبی بھی صرف 15 رنز بنا کر چلتے بنے، کراچی کنگز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان بابراعظم بھی 41 رنز بنانے کے بعد راشد خان کی وکٹ بن گئے۔

حارث رؤف نے آخری اوور میں دو وکٹیں لیں لیکن اس کے باوجود کراچی کنگز کی ٹیم 13رنز بٹورنے میں کامیاب رہی اور کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے۔

پی ایس ایل 7، ملتان سلطانز نے لاہور قلندر کو شکست دیدی

ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے اوپنرز نے ٹیم کو 24رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چھکا مارنے کی کوشش میں عبداللہ شفیق باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

فخر زمان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 106رنز کی بہترین اننگز تراشنے کے بعد پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

میچ کے آخری اوور میں سمیت پٹیل نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو چھ وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا، فخر زمان کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ لاہور قلندرز کی ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے جبکہ کراچی کنگز کو لگاتار تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل میچ کے لیے لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا ہے البتہ کراچی کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

Back to top button