اگر ٹک ٹاکر ہوتے

تحریر: ایاز میر
بشکریہ: روزنامہ دنیا
کیا شغل ہوتا کیا دھوم مچتی۔ لیکن ساتھ ہی تھانہ سٹی میں رپٹ درج ہو جاتی اور کہیں نہ کہیں مقدمہ بھی بن جاتا۔ وعظ و نصیحت پر جو مامور ہیں اُن کی ایک عدد ریلی نکل جاتی اور دیگر جگہوں سے بھی احتجاج کی آوازیں آتیں۔ مولانا فضل الرحمن یا وزیر داخلہ یا کسی اور وزیر کی تو ہم نے وڈیو بنانی نہیں تھی۔ ٹک ٹاک بناتے معلوماتِ شب کے بارے میں‘ لوازمات کون سے ہیں جو پورے کیے جاتے ہیں۔ گھر کے سامنے ہی شام کو بہت عمدہ چھوٹے قسم کے سموسے تلے جاتے ہیں۔ زم زم ڈرائی فروٹ سے کچھ منگوا لیا جاتا ہے۔ چوبارے کے نیچے اعلیٰ قسم کے برگر بنتے ہیں‘ اُس رخ کبھی شوق چلا جاتا ہے۔ ٹک ٹاک ہمارے ان مصروفیات پر بنتے۔ سموسوں کی حد تک تو ٹھیک ہے اُن کے بارے میں رپٹ کیا بنتی ہے۔ لیکن ریاضتِ شب کے تمام مراحل اور پھر فرطِ جذبات سے آنکھوں میںخمار کس نے برداشت کرنا تھا۔
ٹک ٹاک دیکھنے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن یہ جو نئے قسم کے فون ہیں‘ کھولتے جائیں تو عجیب سی چیزیں نظر آنے لگتی ہیں۔ لوگوں کو خود بھی اپنی وڈیو بنانے کا شوق ہے۔ کوئی سردار قسم کا بندہ ہے تو باڈی گارڈ نظر آئیں گے‘ لمبی کاریں ہوں گی اور ایسا لگ رہا ہو گا کہ چنگیز خان یا اکبرِ اعظم کے بعد یہی سردار پیدا ہوئے ہیں۔ اٹک اور ادھر اُدھر کے کئی زمیندار ہیں جو اپنی بڑائی کی داستانیں وڈیو پر لاتے ہیں۔ امریکہ میں بھرمار ہے فیک قسم کی وڈیوز کی‘ کبھی کسی بوڑھے کی اونچے ہوٹل میں بے عزتی ہوتی ہے‘ خوبرو لڑکی اُس پر ترس کھاتی ہے اور پھر پتا چلتا ہے کہ وہ بوڑھا آدمی ہوٹل کا مالک ہے اور خوبرو لڑکی کی پروموشن ہو جاتی ہے اور ویٹرس سے سپروائزر بن جاتی ہے۔ اَن گنت وڈیوز اس قسم کی آپ کو ملیں گی اور کئی تو اس خوبصورتی سے بنائی ہوتی ہیں کہ آنکھوں سے آنسو ٹپک پڑتے ہیں۔ فنکاری کا ہمیں بھی شوق ہے لیکن ایسی فنکاری سے رہے۔رسوماتِ شب کا ذکر تو ہوا‘ راہِ الفت کے مسافروں کا گزر کبھی ہو جائے تو ہم ٹک ٹاک اُس پہ بنائیں۔ کیا طوفان اُٹھے اگر ایسا ہو۔ چیخ پکار ہو کہ مملکت میں کیا بے حیائی ہو رہی ہے۔ بے حیائی کی کوئی کمی ہمارے ہاں نہیں لیکن ہمارے معاشرے کا خوبصورت انداز ہے کہ ہوتا سب کچھ ہے نمایاں نہیں کیا جاتا۔ یہ اچھی بات بھی ہے‘ کسی نے ریاضتِ شب میں مشغول ہونا ہے تو اپنی چار دیواری تک رہے۔ گھر کے دریچے سے نکل کر باہرشور شرابا کرے تو اعتراض ہمیں بھی ہو گا۔ ہر چیز کا ایک قرینہ اور سلیقہ ہوتا ہے۔ اور دوسرو ںکا خیال بھی رکھنا چاہیے۔ گانے سننے کا بہت شوق ہے‘ لیکن کبھی بھی اونچی آواز سے موسیقی نہیں لگاتے کہ آس پاس کے آرام میں خلل پیدا نہ ہو۔
لیکن شام کے سائے ہوں‘ میڈم کے گانے سُن رہے ہوں اور سنتے کچھ وجد کی کیفیت طاری ہو جائے تو ٹک ٹاک پھر اُس حالت کی بنے۔ البتہ میز سجا ہو اور کیمرے کا دھیان اُس پر پڑے اور پھر دنیا کو نشر بھی ہو جائے‘ تو سوچئے اعتراض کتنا اُٹھے۔ اس لیے اجتناب ہی کرتے ہیں۔ ویسے بھی خودنمائی میںکون پڑے۔ شریف آدمی کو اس سے پرہیز ہی کرنا چاہیے۔ لیکن یہ نئی ٹیکنالوجی ایسی ہے کہ خوبیاں اس میں بہت اور بربادی بھی بہت۔ وقت ضائع کرنے کا اس سے کوئی بہتر طریقہ نہیں۔ ٹک ٹاک کیا دیکھنا‘ امریکہ میں خاص طور پر بہت اعلیٰ قسم کے پوڈ کاسٹ تیار کیے جاتے ہیں۔ ایکسپرٹس آتے ہیں اور اُن کی باتیں سُن کر مزہ آتا ہے۔ لیکن عادت کمبخت یہ ایسی ہے کہ آپ ان پوڈ کاسٹوں میں پڑ جائیں تو پھر کسی اور چیز کے نہیں رہتے۔ پڑھائی چھوٹ جاتی ہے‘ کتابیں پرے ہو جاتی ہیں۔ غلاظت بہت ہے انٹرنیٹ پر لیکن اچھی چیزوں کا بھی کوئی شمار نہیں۔ عادت ہوا کرتی تھی کہ سونے سے پہلے کتاب کھولی اور چند اوراق پڑھ لیے۔ اسی میں نیند کی وادیوں میں چلے جاتے تھے۔ اب یہ کام پوڈ کاسٹ اور ڈاکیومنٹریوں سے ہوتا ہے۔ پوری دنیا کی تاریخ کے بارے میں آپ کو مواد مل جائے گا۔ لینن یا سٹالن کے بارے میں جاننا چاہیں تو کتنا کچھ آپ کو ملے۔ ہٹلر اور مسولینی کے بارے میں کچھ جانکاری مطلوب ہو تو ایک پورا خزانہ کھل جائے۔ یہ تو چند نام لیے نہیں تو تاریخ کا کوئی زاویہ نہیں جس کے بارے میں آپ کو بہت کچھ نہ مل جائے۔
لوازماتِ شب کے بارے میں جاننا چاہیں تو اس موضوع پر عالمانہ گفتگو ملے گی۔ کمال یہ ہے کہ انٹرنیٹ پر جوکچھ موجود ہے یہ اوپر سے نہیں آیا بلکہ انسانوں نے تیار کر کے آسمانوں کے حوالے کیا ہے۔ اور جسے جو چاہے اس خزانے سے حاصل کر لے۔ جوانی میں مارے مارے پھرتے تھے موسیقی کے پیچھے۔ ہمارے گھر اخبارات کا ایک پلندہ صبح آتا تھا لیکن اندازہ لگائیے کہ ریڈیو تک ہمارے پاس نہیں تھا۔ گراموفون یا ٹیپ ریکارڈر تو دور کی بات ہے۔
کہیں سے گزرے اور لتا یا رفیع کی مدھر آوازوں میں کچھ سنائی دیتا تو وہیں رک جاتے۔ چھوٹی عمر میں تجسس ہوتا کہ یہ آوازیں کن دیوتاؤں کی ہیں۔ لتا جی کی آواز سُن کے یہ خیال پیدا ہوا یہ کوئی بہت خوبصورت اور چنچل قسم کی خاتون ہیں۔ بہت عرصے تک یہ خیال ذہن میں بیٹھا رہا۔ لتا جی کی اپنی کشش تھی‘ پرانی فوٹوز اُن کی دیکھیں تو بالوں میں ایک خاص رعنائی نظر آتی ہے اور چہرے پر ایک مہاراشتی قسم کا حسن نمایاں ہوتا ہے۔ لیکن رس بھری آواز میں اُن کے گانوں سے گمان اُٹھتا کہ یہ کوئی پری نما چیز ہیں جو محوِ رقص ہیں۔ چھوٹی عمر میں ہم نے یہی سمجھا کہ یہ آواز جو ریڈیو سے آ رہی ہے کسی ڈانسر کی ہے۔ فوج میں گئے تو بمشکل ایک ٹیپ ریکارڈر ہاتھ آیا۔ کراچی صدر میں ایک چھوٹی سی دکان ملی جہاں کندن لال سہگل کے گراموفون ریکارڈ موجود تھے۔ جتنے ہو سکے ٹیپ پر منتقل کروائے اور پھر اُنہی کو سنتے رہتے۔ بائیس تئیس سال کی عمر میں بیتھوون (Beethoven) کی پانچویںسِمفنی (symphony) کی کیسٹ ملی۔ کتنی بار اُسے سنتے۔ مغربی کلاسیکی موسیقی اُس زمانے میں پاکستان میں کہاں میسر تھی۔ چند امیر گھرانوں میں ہو گی لیکن عام طور پر نہیں ملتی تھی‘ نہ ریڈیو سے نشر ہوتی تھی۔
اس ذکر سے یہ بتانا مقصود ہے کہ یوٹیوب کی وجہ سے دنیائے موسیقی کی کون سی چیز ہے جو انگلی کے دبانے سے حاصل نہیں ہو سکتی۔ فراوانی کی کیفیت یہ ہے کہ اپنے ہندوستانی راگ سننے بیٹھیں یا مغربی کلاسیکل میوزک کی طرف جائیں تو جو عمر رہ گئی ہے وہ اس کا م میں بیت جائے۔ پانچویں سِمفنی کا ذکر کیا‘ اُسی کے اتنے ورژن یا نسخے ہیں کہ سنتے سنتے دنیا کے دیگر کام چھوٹ جائیں۔ واگنر (Wagner) کا ذکرکسی کتاب میں پڑھتے تو دل میں غبار اُٹھتا کہ کاش اس کی موسیقی سنیں۔ لیکن یہاں کہاں ملتی تھی۔ یہ تو بہت بعد میں ریکارڈوں اور ٹیپوں پر سننے لگے۔ لیکن آج کی صورتحال تو یکسر مختلف ہے۔ واگنر کا نام اپنے فون پر لگائیں اور پھر دیکھیں کیا کچھ کھلتا جاتا ہے۔ لیکن اس بہتات میں اتنا اپنے پر زور ہو کہ جو لازمی چیز ہے اُسی پر نظر رہے اور یوٹیوب پر جو ایک پوری دنیا فضولیات کی ہے اُس سے انسان دور رہے۔
لیکن ہم کیا واگنر پر ٹک ٹاک بنائیں؟ کون دیکھے گا۔ اپنی مشغولیات پر کچھ بنائیں تو مقدمہ درج ہو جائے اور کلاسیکی موسیقی کا کچھ کریں تو کچھ بھی ریٹنگ نہ بن پائے۔

 

Back to top button