تحریک انصاف، چہ ارزاں فروختند؟

تحریر: حفیظ اللہ نیازی
بشکریہ: روزنامہ جنگ
کیا مملکت پاکستان میں ایک مقبول سیاسی جماعت کا سودا پکا ہو چکا ہے ؟ کہیں عمران خان نے عصر کے وقت روزہ تو نہیں توڑ لیا ؟ مملکت خداداد اسلامیہ ایک ایسی سرکس ہے جہاں کامیڈی اور ٹریجڈی کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ۔
بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ صاحب سے عمران خان کی 3/4 گھنٹے کی ملاقات نے تہلکہ مچا رکھا ہے۔ وطنی طول و عرض کے میڈیا اور سیاسی سرکل میں چہ میگوئیاں ، جتنے منہ اُتنی باتیں ، تاثر عام کہ عمران خان سے معاملہ فہمی دہلیز پر ہے ۔ شاید بشریٰ بی بی کا صحت کارڈ عمران خان پر چل گیا ہے ؟ عمران خان معاملہ طے کرنے پر تُل چکے ہیں ؟ عمران خان مقبولیت اپنے طور حقیقت بلکہ سکہ رائج الوقت ہے ۔ وطنی سیاست پر قلم اُٹھانا جوئے شیر لانے سے بھی زیادہ مشکل ہے ، آج میرے پاس دلیل نہیں ہے ، قلم کی ٹامک ٹوئیاں مارنی ہیں ، آپکو گزارا کرنا ہوگا ۔ اعتراف چارسُو ، وطن عزیز میں اس وقت ہائبرڈ نظام نافذ ہے ۔شہباز حکومت اسکے مطابق کارِ جہاں چلا رہی ہے ۔ ہائبرڈ حکومت کہنے میں حرج نہیں ہے مگر تفصیل تکلیف دہ کہ عوامی سپورٹ سے بانجھ ہے ۔
سیاسی حمایت بذریعہ سیاسی جماعت میسر آنی تھی ، خانہ یکسر خالی ہے ۔ پاکستانی سیاسی پارٹیاں جن کی حصہ بقدر جثہ عوامی سپورٹ موجود ہے ، انکی ہائبرڈ نظام سے ٹھن چکی ہے ۔ بلکہ یوں کہا جائے کہ سیاسی جماعتوں سے باہر عوامی سپورٹ موجود ہی نہیں ہے تو جو بھی ملنی ہے بذریعہ سیاسی جماعت ہی ملنی تھی ۔ مثال دینی ہے ، عمران خان ( 1996ء) نے جب سیاست میں قدم رنجہ فرمایا تو وطنی طول و عرض میں شاید ہی کوئی ذی نفس ہو جو عمران خان کا مداح نہ ہو ۔ وفورِ جذبات میں عمران خان نے 1997ءکے عام انتخابات میں 7/8حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو موصوف نے مقبولیت کو سیاسی مقبولیت سمجھ کر ہی یہ فیصلہ کیا ۔ نتیجہ آیا تو پتہ چلا کہ سیاسی مقبولیت اور کھیلوں کی مقبولیت دو مختلف چیزیں ہیں ۔ سوائے میانوالی کے ، جہاں 18ہزار ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر تھے ، باقی تمام جگہوں سے ضمانت ضبط کروائی ، 800 سے لیکر چند ہزار تک ووٹ ملے تو دھچکا لگا ۔ عمران خان کی مقبولیت ایک تصوراتی غیرسیاسی ، ایک عبرت جسے غیرسیاسی لوگوں کو اَزبر کرنا ہے کہ کسی غلط فہمی میں کریش لینڈنگ نہ ہو جائے ۔
تکلف برطرف ، ویسے مقبولیت بھی آج تک کسی سیاستدان کے کام نہیں آئی بلکہ اکثر گوڈے گٹوں میں بیٹھ جاتی ہے ۔ اسکا متبادل بھی پائیدار نہیں کہ گٹھ جوڑ کرکے بذریعہ ہائبرڈ نظام اقتدار پر براجمان ہوجائیں تو عوام الناس آپکے خلاف ایکا کر لیتے ہیں ۔ آج کے نافذ نظام حکومت کو بنظر غائر دیکھیں تو خاندانی اوصاف کا حامل ہے۔ حسب نسب ، ناک نقشہ ، شکل صورت ، کھاتا پیتا گھرانہ ایسا کہ کوئی اس نظام کے داماد سے پھولا نہ سمائے ۔ پھر یہ نظام چل کیوں نہیں پاتا ، غبار قیس خود اُٹھتا ہے خود برباد ہوتا ہے ۔ ہائبرڈ نظام پر دو سال اندر ہی کیا اُفتاد آن پڑی ہے کہ ہمیشہ کی طرح اپنے گھر کی تطہیر شروع کر رکھی ہے ۔ بعدازجمعہ ہفتہ وار ، چنیدہ دانشوروں کا ایک حلقہ پیر و مرشد حضرت مجیب الرحمن شامی صاحب کی صحبت کا بھرپور فائد ہ اُٹھاتا ہے ۔ بیٹھک میں سیاسی خبروں ، افواہوں کا دلجمعی سے احاطہ ہوتا ہے ۔ کم و بیش ڈیڑھ سال سے پنجاب میںکرپشن کی سچی جھوٹی کہانیاں سنائی جا رہی تھیں ۔
شاید یہی وجہ کہ چند ہفتے پہلے وزیراعلیٰ مریم نواز نے جب کرپشن پر ازخود نوٹس لیا اور فرمایا ’’اگر کرپشن ثابت ہو گئی تو سیاست سے کنارہ کش ہو جائوں گی ‘‘تو اسکی وجہ وہ پراپیگنڈا جسکا ذکر ابھی کیا ہے ۔ اس بیان پر ہمارے برخوردار چوہدری سالک حسین کا دل مچلا اور بطور سلطانی گواہ سامنے کہ پنجاب حکومت کرپشن کے ریکارڈ بنا رہی ہے ۔ گمان اغلب !بلکہ زباں زدِعام کہ چوہدری سالک حسین نے سب کچھ رشتہ داری اور پیٹی بھائی کی پشت پناہی میں فرمایا ہے ۔ یہ سب پچھلے 5/6 ہفتوں کے بیانی طوفان ہیں ۔
اس سے کہیں بڑا ٹکراؤ پیپلز پارٹی اور ہائبرڈ نظام کا 8فروری 2024ءسے جاری ہے ، جو اب شدت اختیار کر چکا ہے ۔ شایداصل خرابی تو ہائبرڈ نظام کی تعمیر میں رکھی گئی ۔فروری 2024ءعام انتخابات کے بعدپیپلز پارٹی نے دوبڑے آئینی عہدے صدر اور چیئرمین سینٹ کے عوض ہائبرڈ حکومت کا اتحادی بننا منظور کیا تو نظام کیساتھ تلخی کے بیج بو دیئے ۔ ہائبرڈ نظام کو پیپلز پارٹی کا یہ مطالبہ ایک آنکھ نہ بھایا مگر مجبوری کا نام شکریہ ، مجبوراً ماننا پڑا ۔ پیپلز پارٹی کی اپنی تاریخ ، ہائبرڈ نظام نے PPPکو دل سے کبھی قبول نہیں کیا ۔ انکی وطنی خدمات کو کبھی نہیں سراہا گیا ۔ فروری 2024 کی تلخی موجود تھی کہ 6نہروں کی تعمیر کا عظیم الشان منصوبہ پیپلز پارٹی نے خاک میں ملا دیا جس سے 100 بلین ڈالر کا پراجیکٹ کُھوہ کھاتے جا پہنچا۔ ہائبرڈ نظام کی اپنی بے چینی کہ خرابی کا خودکار نظام اندر کھاتے نصب ہے ۔ ایک موقع پر اپنے انہدام کا اعلان کرکے نیا پنگا لے لیا ، ساتھ ہی نئے صوبے بنانے کا مطلق ارادہ ظاہر کر ڈالا ۔ اس اعلان کیخلاف پیپلز پارٹی نے سند ھ اسمبلی کو مورچہ بنایا اور سندھ کی حد تک اس آئیڈیے کا بھرکس نکال دیا ۔ پیپلز پارٹی کی گستاخیوں کے لامتناہی سلسلے نے ہائبرڈ نظام کو ایسا بدمزہ کیا کہ دونوں بظاہر ساتھ ، عملاً راہیں مستقلاً جدا ہو چکی ہیں ۔
ہائبرڈ نظام کی تیسری لڑائی یعنی PTI اور PPPکیساتھ گھمسان کا رَن جاری تھا کہ مولانا فضل الرحمن جن کے جذبات 8 فروری 2024 سے بَرانگیختہ ہیں ، ان سے پنگا لے لیا ۔ مولانا کی زباں نے شعلے اُگلنا شروع کر دیئے ۔ تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، مولانا فضل الرحمن کی نظام سے لڑائی اور کشیدگی پہلے سے زیادہ شدت اختیار کر چکی تھی ۔ ایسے میں کسی BONE HEADED ( عقل سے پیدل ، کند ذہن ) مشیر نے KPKمیں گورنر راج لگوا دیا ۔جمع تفریق مشکل نہیں، چنانچہ آج ہائبرڈ نظام مکمل تنہائی کا شکار ہے ۔ اگرچہ مسلم لیگ ن کی زور زبردستی حمایت موجود مگر ناکافی کہ مسلم لیگ ن کا ووٹر بڑی تعداد میں ٹھکانے لگ چکا ہے ، ویسے بھی PMLN اندر کھاتے PPPکی ہم زبان ہے ۔ پچھلے چند ماہ سے عمران خان کا مجبوری بننا ٹھہر چکاہے ۔ اگرچہ ہائبرڈ نظام کا اپنا زُعم ، وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ٹھکانے لگاکر بھی نظام چلانا جانتا ہے ، اسکا عندیہ بھی دے چکا ہے مگر ایسا مشورہ ’’اپنوں کے ہاتھوں مرواؤ پروگرام رہنا ہے‘‘ ۔
سب کچھ اُجڑ چکا ، آخری کوشش ، عمران خان کو آن بورڈ کرکے گزر اوقات ممکن بنانی ہے ۔ کاش سیاسی جماعتیں ہائبرڈ نظام کو تنہاء نہ چھوڑیں ، بلکہ تمام مل کر اس نظام کے اندر قومی حکومت بنائیں ۔ وگرنہ نظام ملک ملت کیلئے خطرناک بن جائیگا، بیوقوفی میں نقصان کااحتمال ہے ۔ کیا تحریک انصاف ایک بار پھر ہائبرڈ نظام کی رفاقت کا بوجھ ضرور اٹھائے مگر کن شرائط پر، مجھے خطرہ ہے نظریہ عمران خان کہیں سستا نہ بک جائے۔
