ایران امریکہ جنگ پاکستان کے لیے کمائی کی وجہ کیسے بنی؟

ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ نے جہاں خطے کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اور مہنگائی نے عام آدمی کی چیخیں نکال دی ہیں، وہیں اس جنگ نے پاکستان کے لیے ڈالرز کمانے کے مواقع پیدا کر دیئےہیں۔ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور خلیجی سمندری راستوں کو لاحق خطرات کے باعث عالمی تجارت کا رخ تبدیل ہونے لگا ہے اور پاکستان کی گوادر بندرگاہ اس صورت حال سے فائدہ اٹھانے والے مراکز میں شامل ہو گئی ہے۔
گوادر بندرگاہ میں کارگو ہینڈلنگ، بین الاقوامی جہازوں کی آمدورفت، سامان کی منتقلی اور بحری جہازوں کو ایندھن فراہم کرنے جیسی سرگرمیوں میں اضافے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔ یوں جس جنگ نے پاکستانی عوام کے لیے معاشی مشکلات بڑھائی ہیں، اسی نے حکومت پاکستان کے سامنے ڈالر کمانے کے نئے امکانات بھی کھول دیئےہیں۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق، گوادر کی بندرگاہ نے اپریل 2026 میں تقریباً 11 ہزار کنٹینرز ہینڈل کیے، جبکہ 2025 کے پورے سال میں یہاں سے تقریباً 8 ہزار 300 کنٹینرز کی ہینڈلنگ ہوئی تھی۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کی تحقیقی رپورٹ نے بھی ان اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بحران نے پاکستانی بندر گاہوں کے لیے غیر معمولی تجارتی مواقع پیدا کیے ہیں۔ اس اضافے کی ایک بڑی وجہ وہ عالمی شپنگ کمپنیاں ہیں جو خلیجی بندرگاہوں تک براہ راست پہنچنے کے بجائے اپنا سامان پاکستان کی بندرگاہوں پر اتارنے یا عارضی طور پر محفوظ رکھنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔
پاکستان نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے محض گوادر کی بندرگاہ پر انحصار نہیں کیا بلکہ ایران کے لیے سامان کی زمینی ترسیل کا نیا نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ وزارت تجارت نے 25 اپریل 2026 کو ایس آر او جاری کرکے کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر سے ایران کی سرحد تک سامان پہنچانے کے لیے 6 مخصوص ٹرانزٹ کوریڈورز کی منظوری دی۔ ان میں گوادر سے گبد اور کراچی سے گوادر کے راستے ایران تک سامان پہنچانے کے روٹس بھی شامل ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستان ایک ایسے تجارتی راستے کے طور پر اپنی اہمیت بڑھانا چاہتا ہے جس سے دوسرے ممالک کا سامان بھی گزر سکے اور پاکستان کو ٹرانزٹ فیس، کسٹمز اور لاجسٹکس کی مد میں آمدنی حاصل ہو۔
پاکستان نے ڈالر کمانے کا ایک اور راستہ بین الاقوامی بحری جہازوں کو ایندھن فراہم کرنے کی صورت میں کھولا ہے۔ جولائی 2026 میں گوادر بندرگاہ پر پہلی مرتبہ ایک بین الاقوامی تجارتی جہاز کو باقاعدہ طور پر ایندھن فراہم کیا گیا۔ قطر انرجی، ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی اور وٹول سے منسلک ایل این جی جہاز ’’ایل این جی اینوگو‘‘ کو پاکستانی ریفائنری سینر جی کو کے تیار کردہ ڈھائی ہزار میٹرک ٹن ویری لو سلفر فیول آئل کی فراہمی کی گئی۔ اس آپریشن میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور عالمی توانائی کمپنی وٹول نے بھی حصہ لیا۔ اس سہولت کا مطلب یہ ہے کہ اب بین الاقوامی جہاز پاکستان سے ایندھن خرید سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ایندھن کی فروخت بلکہ بندرگاہی خدمات کے ذریعے بھی زرمبادلہ کمانے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ جولائی کے آخر میں ایک دوسرے جہاز کو بھی تقریباً 1150 ٹن ایندھن فراہم کیا گیا۔
جنگ کے باعث گوادر کی اہمیت بڑھنے کا ایک دوسرا پہلو یہ ہے کہ خلیجی ممالک کے لیے روانہ ہونے والے بعض بحری جہاز اب اپنا سامان عارضی طور پر پاکستان میں اتارنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ گوادر کی جغرافیائی حیثیت اسے آبنائے ہرمز کے قریب ہونے کے باوجود براہ راست خلیجی سمندری راستے کی کشیدگی سے نسبتاً باہر ایک متبادل مقام فراہم کرتی ہے۔ یہاں بڑے جہازوں سے سامان اتار کر اسے چھوٹے بحری جہازوں یا زمینی راستوں کے ذریعے متعلقہ منڈیوں تک پہنچانے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ اس عمل سے پاکستان کو کارگو ہینڈلنگ، گوداموں میں سامان رکھنے، منتقلی اور دیگر بندرگاہی خدمات کی مد میں آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔ تاہم ہر جہاز کے راستے کی تبدیلی اور اس سے حاصل ہونے والی حقیقی آمدنی کے الگ الگ اعدادوشمار ابھی سامنے آنا ضروری ہیں۔
پاکستان کے لیے اس صورت حال کا ایک اور فائدہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی صورت میں بھی سامنے آ سکتا ہے۔ سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد نومبر 2026 میں پاکستان آیا ہے جس نے کراچی اور گوادر سمیت ملک کی بندرگاہوں کے تجارتی اور لاجسٹکس نظام میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ سعودی وفد نے گوادر میں کارگو ہینڈلنگ، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ اور توانائی کے شعبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ مجوزہ ایل این جی اور ایل پی جی ٹرمینلز کی تعمیر اور وہاں سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر بحث آئے، جبکہ سعودی پاکستانی بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور آل سعود نے گوادر بندرگاہ کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی ہے۔ اگر یہ دلچسپی عملی سرمایہ کاری میں تبدیل ہوتی ہے تو پاکستان کو اربوں ڈالرز کے ممکنہ منصوبوں، روزگار اور طویل المدتی تجارتی سرگرمیوں کے نئے مواقع مل سکتے ہیں۔
گوادر کی بندرگاہ کے ساتھ کراچی اور پورٹ قاسم بھی اس علاقائی تبدیلی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مجوزہ 140 ایکڑ پر مشتمل میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ، بندرگاہی ٹرمینلز کی توسیع اور دیگر منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پورٹ قاسم پر بھی ملٹی پرپز کارگو ٹرمینل، انٹیگریٹڈ کنٹینر ٹرمینل، گاڑیوں کی درآمد اور دوبارہ برآمد کے زون، پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور معدنی ریفائنریوں کے امکانات پر بات چیت ہوئی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان صرف جنگ کے دوران عارضی طور پر آنے والے جہازوں سے آمدنی حاصل کرنے کے بجائے اپنی بندرگاہوں کو مستقل علاقائی تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔
