اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کانوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا۔
عدالت نے انتخابی شیڈول معطل کرنے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن و دیگر فریقین سے 26 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک نے شہری امجد علی کی درخواست پر حکم امتناع جاری کردیا۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔
تحریری حکمنامہ کے مطابق وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 غیر مؤثر ہو گیا ہے، وکیل کے مطابق آرڈی نینس غیر موثر ہونے پر اصل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو اچانک بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا اور اسی روز انتخابی شیڈول بھی جاری کردیا، وکیل کے مطابق 125 یونین کونسلز، ان کے 9، 9 وارڈز یا ایم سی آئی کی حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلہ موجود نہیں۔
وکیل نے کہا ترمیم شدہ قانون کے تحت کی گئی حلقہ بندیوں کو بحال اصل لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت انتخابات کی بنیاد نہیں بنایا جاسکتا۔ وکیل کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور الیکشنز ایکٹ کے تحت نئی حلقہ بندیاں اور انتخابی فہرستوں کی تیاری ضروری ہے۔
وکیل نے کہا حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بغیر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عمل آئین کے آرٹیکل 218 (3) کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر اور انتخابی شیڈول کالعدم قرار دیا جائے، عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر 26 نومبر کی آئندہ سماعت تک معطل رہے گا۔ کیس کی مزید سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔
