اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 31 دسمبر 2026 تک تمام کاروباری مراکز اور دکانداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کردیا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں وصول نہیں کی جائیں گی۔

طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس کی نگرانی اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار مرچنٹس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں، جبکہ ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔

 

 

Back to top button