پاکستان 2050 سے قبل 6 بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا،شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان 2050 سے قبل دنیا کی 6 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا اور ملک کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کر کے ملکی صنعتوں میں استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی معیشت اس وقت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے اور ملکی معاشی استحکام کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک برآمد کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت ان قیمتی معدنی وسائل کو مقامی سطح پر پروسیس کر کے ملکی صنعتوں کی ترقی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال میں لایا جائے گا، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

شہباز شریف نے معدنیات کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں انتہائی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاؤشوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبے کو ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور شفاف سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کو خطے کا معاشی حب بنایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ اب عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کا تحفظ ہمارا تحفظ اور ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک کے قیمتی معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری کے لیے بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔

Back to top button