کیا عمران نے اسٹیبلشمنٹ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے؟

 

 

 

عمران خان کے سابقہ بہنوئی اور معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ خان نیازی نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے مقید بانی نے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے عصر کے وقت روزہ توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بالآخر سمجھوتے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔

 

روزنامہ جنگ کے لیے اپنے تجزیے میں حفیظ اللہ نیازی نے کہا یے کہ بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران سے چار گھنٹے طویل ملاقات نے سیاسی حلقوں میں اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کی کوششیں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان نے کسی سیاسی سمجھوتے کے تحت موجودہ اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تو سب سے بڑا خطرہ ان کے اپنے سیاسی نظریے اور عوامی حمایت کو ہو سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس ایک ملاقات کی بنیاد پر کسی حتمی معاہدے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔

 

حفیظ اللہ خان نیازی کے مطابق عمران کی مقبولیت اپنی جگہ ایک حقیقت ہے لیکن سیاسی مقبولیت اور عملی سیاسی حمایت دو الگ چیزیں ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب عمران خان نے 1996ء میں سیاست شروع کی تو وہ ملک بھر میں ایک مقبول شخصیت تھے، لیکن 1997ء کے عام انتخابات میں انہوں نے آٹھ حلقوں سے انتخاب لڑا تو میانوالی کے علاوہ تمام حلقوں میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ میانوالی میں بھی وہ تقریباً 18 ہزار ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ان کے مطابق اس تجربے سے واضح ہوتا ہے کہ کسی شخصیت کی عوامی مقبولیت لازماً انتخابی اور سیاسی طاقت میں تبدیل نہیں ہوتی۔ حفیظ نیازی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ نظام حکومت قائم ہے، جس میں شہباز شریف حکومت بھی اسی نظام کے تحت کام کر رہی ہے، لیکن اس نظام کو عوامی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے بقول سیاسی جماعتیں ہی عوامی حمایت کا اصل ذریعہ ہوتی ہیں، مگر موجودہ نظام کی تقریباً تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔ ایک طرف تحریک انصاف، دوسری طرف پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی اس نظام کے حوالے سے مختلف تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان حالات میں ہائبرڈ نظام سیاسی طور پر تنہائی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔

 

انہوں نے پنجاب کی سیاست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کے حوالے سے کرپشن کی مختلف کہانیاں گردش کر رہی تھیں، جس کے بعد مریم نے خود کرپشن کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ان کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گی۔ اس کے بعد چوہدری سالک حسین بھی پنجاب حکومت میں کرپشن کے معاملات پر کھل کر سامنے آئے اور انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن کے ثبوت فراہم کیے جائیں تو وہ ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔ حفیظ اللہ نیازی کے مطابق یہ تنازع بھی حکومتی اتحاد کے اندر موجود اختلافات اور سیاسی بے چینی کی ایک مثال ہے۔

 

ان کے مطابق پیپلز پارٹی اور ہائبرڈ نظام کے خالقوں کے درمیان اختلافات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ فروری 2024ء کے انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی نے صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ کے عہدے حاصل کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ابتدا ہی سے دونوں کے درمیان اعتماد کا فقدان موجود رہا۔ چھ نہروں کے منصوبے پر پیپلز پارٹی کی مخالفت، نئے صوبوں کے قیام کی تجویز اور سندھ اسمبلی میں اس کے خلاف مزاحمت نے اختلافات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ ان کے خیال میں پیپلز پارٹی اور ہائبرڈ نظام کے درمیان اب صرف ظاہری سیاسی اتحاد باقی رہ گیا ہے جبکہ عملی طور پر دونوں کے راستے الگ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

 

حفیظ اللہ نیازی کے بقول تحریک انصاف کے ساتھ کشیدگی پہلے ہی جاری تھی کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بھی معاملات خراب ہو گئے، جو 8 فروری 2024ء کے انتخابات کے بعد سے انتخابی نتائج اور سیاسی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے آ رہے ہیں۔ اس دوران خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے فیصلے نے بھی سیاسی محاذ آرائی میں اضافہ کیا۔ ان کے مطابق تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بیک وقت کشیدگی نے ہائبرڈ نظام کے لیے سیاسی مشکلات بڑھا دی ہیں اور اب اس کے پاس قابل اعتماد اتحادیوں کی تعداد محدود رہ گئی ہے۔

 

تجزیہ کار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حمایت بھی موجودہ نظام کے لیے کافی ثابت نہیں ہو رہی کیونکہ ان کے خیال میں پارٹی کا ووٹ بینک پہلے جیسی پوزیشن میں نہیں رہا اور مسلم لیگ (ن) کے بعض حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی جیسے تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عمران خان کو سیاسی طور پر دوبارہ اہمیت حاصل ہونے کی ایک وجہ یہی ہے کہ ہائبرڈ نظام کو اپنے معاملات چلانے کے لیے کسی بڑی سیاسی جماعت کی حمایت درکار ہے۔ اگرچہ اس نظام کے اندر یہ سوچ بھی موجود ہو سکتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک طرف رکھ کر بھی حکومت چلائی جا سکتی ہے، لیکن حفیظ اللہ نیازی کے نزدیک ایسا کرنا مزید سیاسی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

 

نیازی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موجودہ حالات میں عمران خان کو سیاسی طور پر اپنے ساتھ ملانے یا انہیں کسی سمجھوتے پر آمادہ کرنے کی کوششیں ہو سکتی ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی طویل ملاقات کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، تاہم ملاقات کے اصل ایجنڈے یا کسی طے شدہ معاہدے کے بارے میں کوئی مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ ان کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ اگر تحریک انصاف دوبارہ ہائبرڈ نظام کا حصہ بنتی ہے تو اس کی شرائط کیا ہوں گی اور کیا عمران خان اپنے سیاسی مؤقف اور نظریے پر سمجھوتہ کیے بغیر ایسا کر سکیں گے؟

Back to top button