مولانا فضل الرحمٰن کا فرنٹ مین امان اللہ خطرے میں

 

 

 

 

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے مبینہ فرنٹ مین ٹھیکے دار امان اللہ کے زیرِ استعمال 16 مشکوک بینک اکاؤنٹس سامنے آ گئے ہیں جنکے ذریعے تقریباً 39 کروڑ 56 لاکھ 70 ہزار روپے کی مالی ترسیلات کا انکشاف ہوا ہے۔

 

باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق یہ معاملہ انکوائری اور تحقیقات کے لیے ایف بی آر کو بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ امان اللہ ٹھیکیدار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ اس معاملے نے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ امان اللہ کا کاروباری نیٹ ورک کتنا وسیع ہے، اس کے مالی معاملات کی نوعیت کیا ہے اور مولانا فضل الرحمٰن سے اس کے تعلقات کی حقیقت کیا ہے؟

 

ایکسپریس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق امان اللہ کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے اور اسکا مستقل پتہ غریب آباد، ڈاک خانہ کلی حاجی محمد خان، چمن، ضلع قلعہ عبداللہ بتایا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امان اللہ کئی مشکوک کاروبار چلاتا ہے اور اس کے کاروباری مفادات مختلف شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان میں ناران کے مرکزی بازار میں جامع مسجد کے بالمقابل واقع ماؤنٹ حیات ہوٹل اینڈ ریزورٹس بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرینز میں واقع ریئل آرکیڈ بزنس سینٹر کی پانچویں منزل پر بھی امان اللہ کا دفتر موجود ہے، جہاں سے وہ اپنے ٹھیکوں اور کاروباری معاملات چلاتا ہے۔

 

اس کے علاوہ ایکسپریس اخبار کی رپورٹ میں اے ایس کیو اے انٹرپرائزز، اچکزئی پراپرٹیز، اچکزئی رئیل اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، الوداق ایسوسی ایٹس اور ایم اعظم یونس اینڈ کمپنی سمیت متعدد کاروباری اداروں کی ملکیت یا وابستگی کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کا سب سے اہم اور تشویش ناک پہلو امان اللہ کے زیرِ استعمال 16 مشکوک بینک اکاؤنٹس ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 39 کروڑ 56 لاکھ 70 ہزار روپے کے فنڈز کی مشکوک ترسیل کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ لین دین مختلف کاروباری ناموں اور پروفائلز کے تحت کیا گیا، تاہم ان کاروباری شناختوں میں باہمی مطابقت نہیں پائی گئی اور نہ ہی لین دین کا حجم متعلقہ کاروباری سرگرمیوں سے مطابقت رکھتا تھا۔

 

اس مالیاتی معاملے کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور انسدادِ منی لانڈرنگ قوانین کے تحت انکوائری اور تحقیقات کے لیے ایف بی آر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اگر یہ الزامات تحقیقات میں درست ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ مالیاتی اداروں اور کاروباری سرگرمیوں کی مزید چھان بین اہمیت اختیار کر جائے گی۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 نومبر کو امان اللہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد سے وہ منظر عام پر نہیں آیا اور ایف آئی اے، نیب اور سی ڈی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز کا جواب نہیں دے رہا۔یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر امان اللہ کے کاروبار، مالی معاملات اور لین دین قانونی اور شفاف ہیں تو متعلقہ اداروں کے نوٹسز کا جواب دینے کے بجائے اس کی عدم دستیابی کی کیا وجہ ہے؟ کیا وہ تحقیقات میں اپنا مؤقف پیش کرے گا اور اپنے مالی معاملات کی وضاحت دے سکے گا؟ ان سوالات کے جوابات متعلقہ اداروں کی تحقیقات اور امان اللہ کے مؤقف کے بعد ہی سامنے آ سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن مسلسل حکومتی اداروں کے نشانے پر

رپورٹ کا سب سے حساس پہلو امان اللہ اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان مبینہ تعلق ہے۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں مکان نمبر 7، گلی نمبر 83، سیکٹر جی سکس فور، جو مولانا فضل الرحمٰن کے زیرِ استعمال بتایا جاتا ہے، اس کا مالک ٹھیکیدار امان اللہ ہے۔ اسی بنیاد پر رپورٹ میں امان اللہ کو مولانا فضل الرحمٰن کا فرنٹ مین قرار دیتے ہوئے اس کے کاروباری نیٹ ورک اور سیاسی تعلقات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے خاندان کی حالیہ سیاسی بے چینی کا تعلق اس کاروباری نیٹ ورک کے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے ہے؟ کیا ریاستی اداروں کی جانب سے امان اللہ کے مالی معاملات کی چھان بین نے کسی ایسے کاروباری نظام کو متاثر کیا ہے جس سے مولانا یا ان کے قریبی حلقوں کو فائدہ پہنچتا رہا ہو؟

Back to top button