بشیر زیب کے بعد BLA کا اگلا چیف کمانڈر کون ہو گا؟

 

 

 

بلوچستان لبریشن آرمی کے کمانڈر اِن چیف بشیر زیب کو اس کے عہدے سے برطرف کرنے کے بعد سے بی ایل اے نے تاحال اپنے نئے سربراہ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم مرید بلوچ المعروف رحمان گل کا نام ممکنہ جانشین کے طور پر سامنے آ گیا ہے۔ رحمان گل کو بنیادی طور پر مجید بریگیڈ کا اہم کمانڈر بھی بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب بشیر زیب کی مبینہ موت، اسے زہر دیے جانے اور افغانستان سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی افواہ بھی گردش کر رہی ہے، لیکن اسکی تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بشیر زیب کو اسکے عہدے سے ہٹانے کے بعد تمام فیصلہ سازی کے اختیارات تنظیم کی سینئر کمانڈ کونسل کے سپرد کیے گئے ہیں، جس سے یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ آیا بی ایل اے میں قیادت کی تبدیلی محض انتظامی فیصلہ ہے یا تنظیم اندرونی اختلافات اور عسکری حکمت عملی کے بحران سے گزر رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق بشیر زیب کی قیادت پر سوالات اٹھنے کی ایک وجہ جنوری 2026 میں ہونے والے آپریشن ’’ھیروف ٹو‘‘ کی ناکامی تھی۔ اسکے علاوہ تنظیم کی جانب سے بلوچ خواتین کو خودکش حملوں میں استعمال کرنے کی پالیسی بھی بشیر زیب کے خلاف بغاوت  کی ایک وجہ  بتائی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ اس کارروائی میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 11 اضلاع میں سینکڑوں مسلح مردوں اور خواتین نے حصہ لیا تھا، تاہم اس کے نتائج کو پہلے آپریشن ’’ھیروف ون‘‘ کے مقابلے میں غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ تنظیم کے اندر اس کارروائی کو ناقص منصوبہ بندی کے باعث ناکام قرار دیا جاتا ہے۔

 

یاد رہے کہ اس ناکام آپریشن کے ماسٹر مائنڈ بشیر زیب کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی سے ہے۔ وہ کوئٹہ کے پولی ٹیکنیک کالج میں زیر تعلیم رہا، جہاں اس کا تعلق بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے قائم ہوا اور بعدازاں وہ اس کا چیئرمین بھی بن گیا۔ جب دسمبر 2018 میں اسلم بلوچ عرف اسلم اچھو ایک خودکش حملے میں مارا گیا تو بشیر زیب تنظیم کی قیادت میں نمایاں ہوکر سامنے آیا۔ اس کے دور میں بی ایل اے کی کارروائیوں اور تنظیمی حکمت عملی میں تبدیلیاں آئیں اور تنظیم نے بڑے پیمانے پر مربوط حملوں کی حکمت عملی اختیار کی۔ تاہم حالیہ اطلاعات کے مطابق ان کی قیادت اور فیصلوں پر تنظیم کے اندر تحفظات بڑھتے چلے گئے تھے۔

 

بی ایل اے کی جانب سے 3 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے اعلان کے مطابق قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ 16 اکتوبر کو تنظیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا تھا، جس میں کمانڈروں نے متفقہ طور پر بشیر زیب کو عہدے سے ہٹانے اور اختیارات سینئر کمانڈ کونسل کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔ تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ تنظیم کے آئینی طریقہ کار کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا مقصد کسی ایک شخصیت کے بجائے ادارہ جاتی قیادت کو مضبوط بنانا ہے۔ بی ایل اے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کمانڈر تاحیات سربراہ نہیں رہ سکتا اور نئے کمانڈر انچیف کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد اس کا اعلان کیا جائے گا۔ تاہم تنظیم نے بشیر زیب کو ہٹانے کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی۔

 

دوسری جانب یہ اطلاع سامنے آ رہی ہے کہ بشیر زیب اور رحمان گل کے درمیان آپریشن ’’ھیروف ٹو‘‘ کی حکمت عملی پر شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ رحمان گل بڑے پیمانے پر بیک وقت حملوں کے بجائے چھوٹے اور متحرک مسلح گروپوں کے ذریعے کارروائی کے حامی تھے، کیونکہ ان کے خیال میں بڑے حملوں کے دوران جنگجوؤں کی بڑی تعداد کو ایک ساتھ میدان میں اتارنے سے تنظیم کی افرادی قوت کو شدید نقصان پہنچا۔

 

بتایا جاتا ہے کہ فروری 2026 ہی سے بشیر زیب کو بی ایل اے کی مرکزی فیصلہ سازی سے عملاً الگ کیا جانے لگا تھا اور رحمان گل تمام تر تنظیمی و عسکری معاملات میں زیادہ بااثر ہو گیا تھا۔

امریکی تحقیقی ادارے جیمز ٹاؤن فاؤنڈیشن نے اگست 2025 کی اپنی پروفائل میں رحمان گل کو بی ایل اے کی دوسری اہم ترین شخصیت اور مجید بریگیڈ کا سربراہ قرار دیا تھا۔ اس پروفائل کے مطابق رحمان گل کا تعلق نوشکی سے ہے اور وہ ماضی میں پاکستانی سکیورٹی فورسز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں کیپٹن رحمان گل کے نام سے بھی شناخت کیا جاتا ہے۔

 

بشیر زیب کے مستقبل اور موجودہ مقام کے حوالے سے بھی کئی متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر دعوے کیے گئے کہ انہیں افغانستان کے شہر قندھار میں زہر دیا گیا اور بعدازاں علاج یا پناہ کے لیے بھارت منتقل کردیا گیا۔ بعض دیگر اطلاعات میں ان کی بیماری اور طویل عرصے سے تنظیم کے عوامی بیانات میں عدم موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم ان کی موت، زہر دیے جانے یا بھارت منتقلی کی کسی اطلاع کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ بی ایل اے کے سرکاری اعلان میں بھی ان کی موت یا کسی حملے کا ذکر نہیں کیا گیا، بلکہ صرف عہدے سے علیحدگی اور اختیارات کی منتقلی کا اعلان کیا گیا ہے۔

Back to top button