کیا ریاستی پالیسیوں سے اختلاف بھی دہشت گردی ہے؟

عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ایک درخواست کے جواب میں حکومت پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ریاست مخالف جرائم میں سزا یافتہ شہری بنیادی حقوق کا حق دار نہیں رہتا، مریم نواز حکومت کے اس موقف نے انسدادِ دہشت گردی قوانین کے سیاسی استعمال، شہری آزادیوں اور عدلیہ کی خودمختاری پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
عدالت میں تحریری طور پر پیش کردہ اس حکومتی مؤقف پر قانونی حلقوں میں سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ سینئر وکیل حامد خان نے حکومت پنجاب کے موقف کو قانونی اور اخلاقی طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی حقوق ہر شخص، خصوصاً عام شہریوں کے لیے ہوتے ہیں اور کسی شہری کے لیے سول عدالتوں کے دروازے بند نہیں کیے جا سکتے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد فوجی عدالتوں نے 105 شہریوں کو قصوروار قرار دیا تھا، جن میں سے 85 کو دسمبر 2024 میں سزائیں سنائی گئیں۔ ان میں حسان نیازی بھی شامل تھے، جنہیں جناح ہاؤس لاہور پر حملے کے الزام میں دس سال قید کی سزا دی گئی۔ یہ مقدمات انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے بجائے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت چلائے گئے تھے۔ اس پیش رفت کے بعد یہ سوال بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ ریاست کے خلاف جرم کا الزام یا اس میں سزا کسی شہری کو آئین کے تحت حاصل بنیادی حقوق سے محروم کر سکتی ہے؟
پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی قوانین کے استعمال پر تنقید کرنے والوں کا ایک بنیادی اعتراض یہ ہے کہ آیا ان قوانین کے تحت حقیقی دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی ہو رہی ہے یا ان کا دائرہ سیاسی کارکنوں اور حکومت کے ناقدین تک بھی پھیل رہا ہے۔ رواں سال جون میں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمے میں دو افراد کو بالترتیب آٹھ اور سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔ قانونی ماہرین کے نزدیک دھماکا خیز مواد رکھنا اور اس کے ذریعے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا انسدادِ دہشت گردی قوانین کے اطلاق کا واضح جواز ہے، تاہم سیاسی نوعیت کے مقدمات میں ان قوانین کے استعمال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اسی طرح انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو بھی 29 اکتوبر کو سنائے گئے عدالتی فیصلے میں تعزیرات پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت دس، دس سال قید کی سزا دی گئی۔ دونوں وکلا کو اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران سکیورٹی روٹ پر رکاوٹیں ہٹانے اور سرکاری اہلکاروں کے فرائض میں مداخلت کے الزامات کا سامنا تھا، جن کی وہ تردید کرتے ہیں اور فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کر چکے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق حسان نیازی اور ایمان مزاری و ہادی چٹھہ کے مقدمات کے حقائق اور شواہد مختلف ہیں، اس لیے ان کا براہِ راست موازنہ درست نہیں، تاہم انسدادِ دہشت گردی قوانین کے اطلاق میں تناسب اور قانونی تقاضوں کی پابندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
حامد خان کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دینے سے ایک پنڈورا باکس کھل گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاست کسی شخص کو محض اس لیے دہشت گرد قرار نہیں دے سکتی کہ وہ حکومتی یا ریاستی پالیسیوں سے اختلاف کرتا ہے۔ اس کے لیے ٹھوس شواہد، قانونی طریقۂ کار اور آزاد عدالتی نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب عدالتوں کی آزادی اور خودمختاری پر سوالات موجود ہوں تو عام شہری انصاف کے حصول کے لیے کہاں جائیں گے؟
مولانا فضل الرحمٰن کا فرنٹ مین امان اللہ خطرے میں
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی مئی 2026 میں جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران ملک میں آزادی اظہار اور شہری آزادیوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی، بغاوت اور سائبر کرائم سے متعلق قوانین صحافیوں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلا کے خلاف استعمال کیے گئے۔ انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس نے بھی نو مئی کے واقعات میں سزا پانے والے 105 شہریوں کے فوجی ٹرائلز پر سوالات اٹھاتے ہوئے شفافیت، فوجی عدالتوں کی آزادی اور مؤثر اپیل کے حق سے متعلق تحفظات ظاہر کیے تھے۔
اس سے پہلے مئی 2025 میں سپریم کورٹ نے پانچ، دو کی اکثریت سے شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے شہریوں کو ہائی کورٹس میں آزادانہ اپیل کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی جائے۔ تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مئی 2026 تک اس مقصد کے لیے مطلوبہ قانون سازی نہیں ہو سکی تھی۔ تنظیم نے شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل اور اپیل کے مؤثر حق کی عدم موجودگی پر تشویش ظاہر کی تھی۔
