سرمایہ کاروں کےتحفظ کیلئےہر ممکن اقدام کریں گے، فیلڈ مارشل

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانے اور کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتی منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ ہماری توجہ صرف خام معدنیات برآمد کرنے پر نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کی تیاری پر ہے، تاکہ ملک میں معدنی وسائل کی بنیاد پر پائیدار معاشی ترقی ممکن بنائی جا سکے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی شراکت داریاں قائم کرنا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے عالمی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد کا باعث بنیں۔ معدنی شعبے کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا بھی ضروری ہے اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع کو نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے عوام کی صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام مال کی برآمد سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب پیشرفت کرنا ہوگی۔
