پاکستانی دریاؤں میں اربوں روپے مالیت کا سونا بہنے لگا

پاکستان کے مختلف دریاؤں میں اربوں روپے مالیت کا سونا موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان دریاؤں میں بہتے پانی کے ساتھ ہمالیہ اور قراقرم کے پہاڑوں سے سونے کے ذرات نیچے آ رہے ہیں۔ اب اٹک کے مقام پر دریائے سندھ سے ایک ہیوی مشین کے ذریعے روزانہ چار سے پانچ لاکھ روپے مالیت کا سونا نکالے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بعض خاندان ہزاروں سال پرانے روایتی طریقوں سے دریا کی ریت چھان کر سونا حاصل کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس بیان کے بعد کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونا بہہ رہا ہے، یہ سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ آخر پاکستان کے دریاؤں میں یہ قیمتی دھات کہاں سے آتی ہے، اسے نکالنے کا طریقہ کیا ہے اور اس قدرتی دولت سے قومی خزانے کو کتنا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ دریاؤں میں پائے جانے والے اس سونے کو ارضیاتی اصطلاح میں پلیسر گولڈ (Placer Gold) کہا جاتا ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق لاکھوں سال کے دوران پہاڑوں میں موجود سونے والی چٹانیں برف، بارش، گلیشیئرز اور دریائی کٹاؤ کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں اور ان سے نکلنے والے سونے کے انتہائی باریک ذرات پانی کے ساتھ بہتے ہوئے دریاؤں میں پہنچ جاتے ہیں۔
چونکہ سونا عام ریت اور مٹی کے مقابلے میں بہت زیادہ وزنی ہوتا ہے، اس لیے پانی کی رفتار کم ہونے پر اس کے ذرات دریا کی تہہ، بڑے پتھروں کے نیچے اور ریت و بجری کی تہوں میں جمع ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دریائے سندھ، گلگت، ہنزہ اور چترال کے بعض حصوں میں سونے کے ذرات کی موجودگی کی سائنسی بنیاد موجود ہے۔ اس حوالے سے سب سے اہم انکشاف جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی 2026 کی خصوصی رپورٹ میں سامنے آیا ہے، جس کے مطابق دریائے سندھ میں غازی سے اٹک پل تک تقریباً 32 کلومیٹر طویل اور 63 مربع کلومیٹر رقبے پر مشتمل علاقے کا تفصیلی سروے کیا گیا۔ اس دوران ڈرون ٹیکنالوجی، جیو فزیکل اور کیمیائی تجزیوں کے علاوہ 30 مقامات پر 100 فٹ گہرائی تک بورنگ کرکے نمونے حاصل کیے گئے۔ رپورٹ میں ابتدائی تخمینے کے تحت تقریباً 32.83 ٹن سونے کے وسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، تاہم یہ مقدار ابھی ابتدائی وسائل کے زمرے میں آتی ہے اور اسے حتمی طور پر ثابت شدہ ذخیرہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ پنجاب حکومت کے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے بروشر میں بھی اٹک کے دریائی ذخائر کا تخمینہ تقریباً 28 لاکھ تولہ سونا لگایا گیا ہے۔
ادی طرح دریائے سندھ میں سونا نکالنے کا کام کوئی نئی بات نہیں، گزشتہ کئی برسوں سے اٹک اور اسکے گردونواح میں لوگ اد سرگرمی میں مصروف ہیں۔ تاہم روایتی طریقے سے سونا نکالنے کے ساتھ اب بھاری مشینری اور بھی استعمال کی جا رہی ہے۔ بعض مقامات پر ایک مشین کے ذریعے روزانہ چار سے پانچ لاکھ روپے مالیت کا سونا حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن اس آمدن کے دعوے کی سرکاری تصدیق دستیاب نہیں۔
ستمبر 2024 میں پنجاب حکومت نے اٹک کے دریائی علاقے میں غیر مجاز سونا نکالنے پر پابندی عائد کی تھی اور محکمہ معدنیات نے غیر قانونی کان کنی کے الزام میں سو سے زائد مقدمات درج کیے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گلگت بلتستان میں سونا نکالنے کی روایت ہزاروں سال پرانی سمجھی جاتی ہے اور وہاں سونیوال برادری کے خاندان نسل در نسل اس پیشے سے وابستہ ہیں۔
امریکی جریدے نیشنل جیوگرافک نے فروری 2018 میں ایک خصوصی رپورٹ میں ان خاندانوں کی زندگی اور سونا تلاش کرنے کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی تھی۔ ان خاندانوں کے افراد دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں کے کناروں پر خیمے لگا کر رہتے ہیں اور موسم سرما میں جب پانی کی سطح کم ہوتی ہے تو ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل ہو کر ریت میں سونے کے ذرات تلاش کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سینکڑوں خاندان اس روایتی پیشے سے وابستہ ہیں اور حاصل ہونے والا سونا گلگت شہر کے سناروں کو فروخت کرتے ہیں۔
وہاں کی سونیوال برادری کا سونا تلاش کرنے کا طریقہ انتہائی محنت طلب اور دلچسپ ہے۔ یہ لوگ دریا کے بہاؤ کا کئی روز تک مشاہدہ کرتے ہیں اور ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں پانی کی رفتار کم ہو کر ریت اور بھاری معدنی ذرات تہہ میں جمع کر دیتا ہے۔ اس کے بعد لوہے کے بھاری اوزاروں سے بڑے پتھر ہٹا کر گیلی ریت نکالی جاتی ہے، جسے بوروں میں بھر کر لکڑی کی مخصوص چھاننی میں پانی کے ساتھ بار بار ہلایا جاتا ہے۔ اس عمل میں ہلکی ریت اور مٹی بہہ جاتی ہے جبکہ بھاری سونے کے ذرات نیچے رہ جاتے ہیں۔ اس مشقت میں خواتین اور بچے بھی حصہ لیتے ہیں۔ ان خاندانوں کے بچوں کی بڑی تعداد تعلیم سے محروم رہتی ہے اور ان کی زندگی کا بیشتر حصہ اسی پیشے میں گزرتا ہے۔
جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے گلگت بلتستان سے متعلق مطالعاتی نقشے میں غذر، یاسین، گلگت، ہنزہ، جگلوٹ، چلاس اور دیگر علاقوں میں دریائی ریت اور معدنی چٹانوں میں سونے کی موجودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم ان تمام مقامات پر سونے کی مقدار یکساں نہیں اور بعض علاقوں میں اس کی مقدار بہت کم ہے۔ ادارے کی پرانی تحقیق میں بھی دریائے سندھ، گلگت، ہنزہ اور چترال کے دریائی ذخائر کا جائزہ لیا گیا تھا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس خطے میں سونے کی تلاش کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
