کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت بنانے کا سلسلہ تیز

معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی بھارتی پالیسی 1947ء میں شروع ہوئی تھی، جس پر آج بھی عمل درآمد جاری ہے۔ انکا کہنا ہے کہ جموں میں مسلمانوں کے منظم قتلِ عام کو بے نقاب کرنے والے برطانوی صحافی آئن سٹیفنز کو بھارتی حکومت کے دباؤ پر اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔
روزنامہ جنگ کے لیے اپنے سیاسی تجزیے میں حامد میر نے کہا کہ آئن سٹیفنز 1942ء میں برطانوی اخبار دی سٹیٹسمین کے کلکتہ ایڈیشن کے ایڈیٹر مقرر ہوئے تھے اور ان کے مہاتما گاندھی اور قائداعظم محمد علی جناح سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے قریبی تعلقات تھے، تاہم وہ اپنی صحافتی ذمہ داریوں پر ان تعلقات کو اثرانداز نہیں ہونے دیتے تھے۔ تقسیمِ ہند کے بعد انہوں نے بنگال، پنجاب اور جموں و کشمیر میں ہونے والے قتلِ عام کو یکساں اہمیت دی اور بالخصوص جموں میں مسلمانوں کے قتلِ عام کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
آئن سٹیفنز نے 5 اور 6 نومبر 1947 کے واقعات کی رپورٹنگ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اکتوبر اور نومبر کے دوران جموں کے مختلف علاقوں میں 2 لاکھ 37 ہزار مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے منظم قتلِ عام کرایا گیا، تاہم اس کی تحقیقات نہیں ہوئیں۔ ان کی مسلسل تنقید سے بھارتی حکومت ناراض ہوگئی اور وزیر داخلہ ولبھ بھائی پٹیل کے دباؤ پر اخبار کی انتظامیہ نے انہیں عہدہ چھوڑنے پر مجبور کردیا۔
حامد میر کے مطابق آئن سٹیفنز نے صحافتی ملازمت سے محرومی کے باوجود اپنے مؤقف سے دستبرداری اختیار نہیں کی اور بعدازاں اپنی کتاب’’دی پاکستان‘‘ میں جموں و کشمیر کے قتلِ عام کی تفصیلات محفوظ کر دیں۔ ان تحریروں کی وجہ سے 1947ء کے واقعات کو تاریخ سے غائب کرنا ممکن نہ ہو سکا۔ ہر سال 6 نومبر کو یومِ شہدائے جموں کے موقع پر بھی اس برطانوی صحافی کی رپورٹنگ کو یاد کیا جاتا ہے، جس نے اس قتلِ عام کو دنیا کے سامنے پیش کیا تھا۔ حامد میر کے مطابق بھارتی حکومت اور اس کے حامی حلقوں نے جموں میں مسلمانوں کے قتلِ عام کو اکتوبر 1947ء میں قبائلی پختونوں کے کشمیر پر حملے کا ردعمل قرار دینے کی کوشش کی، تاہم تاریخی حوالوں میں اس مؤقف کی تردید کی گئی ہے۔
حامد میر نے ڈاکٹر سعید احمد ملک کی کتاب ’’1947ء کا مسلم قتلِ عام‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ آر ایس ایس نے جولائی 1947ء میں لاہور میں بھی مسلمانوں کے قتلِ عام کا منصوبہ بنایا تھا، جس کے تحت دو لاکھ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ تھا، تاہم موچی گیٹ پولیس نے چھاپہ مار کر اس منصوبے کے مرکزی کردار راجہ رام سنگھ کو اسلحے اور دستی بموں سمیت گرفتار کرلیا تھا۔
حامد میر کے مطابق 19 جولائی 1947ء کو مسلم کانفرنس نے سری نگر میں پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تو مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ فوج نے ریاست کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں، جس کے نتیجے میں پونچھ، باغ اور مظفرآباد سے میرپور تک بغاوت پھوٹ پڑی۔ 6 ستمبر 1947ء کو ڈوگرہ فوج کے میجر کھجور سنگھ کے حکم پر مسلم کانفرنس کے رہنما سید خادم حسین شاہ کو باغ میں سرعام گولی مار کر شہید کردیا گیا، جبکہ جموں کے استاد دا محلہ اور پٹھاناں دا محلہ میں بھی مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔
سینئیر صحافی نے آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس چوہدری رحیم داد کی خودنوشت ’نقوشِ رحیم‘ اور آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس محمد یوسف صراف کی کتاب ’’کشمیر از فائٹ فار فریڈم‘‘ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جموں کے نہتے مسلمانوں سے اسلحہ واپس لے کر انہیں لاریوں کے ذریعے سیالکوٹ پہنچانے کا وعدہ کیا گیا، لیکن اس کے بعد ان کا قتلِ عام کردیا گیا۔ حامد میر نے قتلِ عام کے ایک چشم دید گواہ وید بھسین سے 2004ء میں ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا ہے، جنہوں نے انہیں اس دور کے واقعات کی خوفناک تفصیلات سنائی تھیں۔
حامد میر نے بھارتی صحافی وید بھسین کی صاحبزادی انورادھا بھسین کی حالیہ کتاب ’اے ڈسمینٹلڈ سٹیٹ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس میں بی جے پی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی پالیسی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق 1947ء میں شروع ہونے والا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے اور جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو درپیش صورتحال اس تاریخی قتلِ عام کی یاد تازہ کر رہی ہے۔
