سپریم کورٹ نے وراثتی جائیدادپرقانونی اصول وضح کردیئے

سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی شخص کے انتقال کے ساتھ ہی اس کی جائیداد اور مال و دولت میں قانونی ورثا کا حصہ بن جاتا ہے اور صرف وقت گزرنے سے ان کا یہ حق ختم نہیں ہوتا۔

عدالت نے واضح کیا ہے کہ وراثت سے محرومی کے دعوے پر مدتِ میعاد کا اطلاق اسی وقت شروع ہوگا جب کسی وارث کے ملکیتی حق سے واضح اور کھلے انداز میں انکار کیا جائے اور اس انکار کا علم بھی متعلقہ وارث کو ہو۔ عدالت کے مطابق انکار اور اس سے آگاہی، دونوں باتوں کا ثابت ہونا ضروری ہے۔

جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کردہ بڑے بینچ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی وارث کو معلوم ہو جائے کہ اس کے وراثتی حق سے انکار کیا جا رہا ہے اور وہ اس علم کے باوجود چھ سال تک قانونی کارروائی نہیں کرتا تو اس کا دعویٰ مدتِ میعاد کی پابندی کی زد میں آ سکتا ہے۔ تاہم عدالت کسی وارث کے علم کے بغیر یہ تصور نہیں کر سکتی کہ مدتِ میعاد شروع ہو چکی ہے۔ قانونی ورثا کو اپنے مورث کے وہ دعوے بھی وراثت میں منتقل ہوتے ہیں جن پر انہوں نے اپنی زندگی میں کارروائی نہیں کی تھی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اہلِ سنت کے فقہی مکاتبِ فکر اس اصول پر متفق ہیں کہ کسی شخص کی وفات کے بعد تجہیز و تکفین کے اخراجات، قرضوں اور جائز وصیت کی ادائیگی کے بعد اس کا ترکہ قانونی ورثا میں منتقل ہو جاتا ہے۔ وراثت کی تقسیم میں تاخیر سے بالخصوص بیواؤں، بیٹیوں، نابالغ بچوں اور یتیموں کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ اس سے خاندانی تنازعات، دھوکا دہی اور ورثا کے حقوق غصب کرنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں وراثتی جائیدادوں میں دھوکا دہی کے مختلف طریقوں کی بھی نشاندہی کی۔ عدالت کے مطابق بعض معاملات میں جائیداد کی منتقلی کے لیے جعلی انگوٹھے لگائے جاتے ہیں، فرضی زبانی ہبہ ظاہر کیا جاتا ہے، حلف ناموں سے بہنوں کے نام حذف کر دیے جاتے ہیں اور خواتین سے ایسے کاغذات پر دستخط یا انگوٹھے لگوا لیے جاتے ہیں جنہیں وہ پڑھنے یا سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ اسی طرح بعض اوقات وراثتی خاندان کی کسی شاخ کو چھپا کر جانشینی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

عدالت نے آئین کے آرٹیکل 187 کے تحت صوبوں اور علاقوں کے ریونیو حکام کو ہدایت کی ہے کہ نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا تمام قانونی ورثا کی تصدیق کرنے والی کسی مساوی دستاویز کے بغیر وراثتی انتقال نہ کیا جائے۔ ہر وارث کو اس کے اپنے پتے پر تحریری نوٹس بھجوایا جائے، جس میں خواتین ورثا بھی شامل ہوں۔ اگر کسی وارث کے حصے سے کم جائیداد ملنے کا معاملہ سامنے آئے تو اس کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے۔

Back to top button