پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم:13 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوگئے،وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ دوروزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء (پی ایم آئی ایف 2026) جمعہ کو ختم ہوگیا۔

فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس میں بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات اور فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔

میری منرلز نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اپنے پہلے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے اعلان کیا کہ تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری ذخائر میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی دریافت کی گئی ہے۔

این آر ایل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویڑن) علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کے حامل اسٹریٹجک معدنیات کی تلاش پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سرویز، ایکسپلوریشن ڈرلنگ اور جدید تجزیاتی ٹیکنالوجیز سے لیس جیو سائنس لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے امکانات کا ذکر کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کے ذریعے معدنیات کی ویلیو چین میں اپنا حصہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں تانبے کی سملٹنگ کے قیام کی جانب پیش رفت بھی شامل ہے۔

انہوں نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے تیز رفتار ارضیاتی نقشہ سازی کے پروگرام کو اجاگر کیا، جس میں 1:50,000 کے پیمانے پر سرویز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سرویز اور معدنیات کے جائزے کے شعبوں میں استعداد بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تکنیکی تعاون کا بھی ذکر کیا۔

Back to top button