صدرمملکت اورمحسن نقوی کی نئےصوبوں پربات نہیں ہوئی،ایوان صدر

ایوانِ صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات سے متعلق میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملاقات میں نئے صوبوں یا کسی دوسرے صوبائی معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

ترجمانِ ایوانِ صدر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں قومی سلامتی اور خطے کی صورت حال سے متعلق امور زیرِ بحث آئے، تاہم صوبوں سے متعلق کسی معاملے پر تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں صوبوں کے حوالے سے بات چیت سے متعلق ذرائع ابلاغ میں شائع اور نشر ہونے والی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم سے بہتر کوئی تجویز نہیں، ’سسٹم ری سیٹ ‘ پر میں اور بلاول بھٹو ایک ہی پیج پر ہیں، محسن نقوی

انہوں نے واضح کیا کہ ملاقات کے ایجنڈے میں صوبائی معاملات شامل نہیں تھے اور اس حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔

ایوانِ صدر نے اس وضاحت کے ذریعے صدر مملکت اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات کو نئے صوبوں کے قیام یا صوبائی معاملات سے جوڑنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات کے بعد میڈیا میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جن کی اب ترجمانِ ایوانِ صدر نے باضابطہ طور پر تردید کردی ہے۔

 

Back to top button